اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ خَسِرُوۡۤا اَنۡفُسَہُمۡ وَ ضَلَّ عَنۡہُمۡ مَّا کَانُوۡا یَفۡتَرُوۡنَ﴿۲۱﴾

۲۱۔ یہی لوگ ہیں جو اپنے آپ کو خسارے میں ڈال چکے ہیں اور وہ جو کچھ افترا کرتے تھے وہ بھی ان سے کھو گیا ۔

لَا جَرَمَ اَنَّہُمۡ فِی الۡاٰخِرَۃِ ہُمُ الۡاَخۡسَرُوۡنَ﴿۲۲﴾

۲۲۔ لازمی بات ہے آخرت میں یہ لوگ سب سے زیادہ گھاٹے میں ہوں گے۔

20 تا 22۔ اللہ کی طرف جھوٹی نسبت دینے والے نہ تو خود کسی طاقت و قدرت کے مالک ہوتے ہیں نہ ہی اللہ کے سوا ان کا کوئی حامی و کارساز۔ اس کے باوجود وہ اللہ کی طرف جھوٹی نسبت دیتے ہیں۔ انبیاء کو جھوٹا سمجھتے ہیں، بالآخر انہوں نے اللہ کے حضور پلٹ کر جانا ہے تو انہیں دوہرا عذاب ملے گا، کیونکہ یہ خود گمراہ تھے اور دوسروں کو گمراہ کرتے تھے۔

اِنَّ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ اَخۡبَتُوۡۤا اِلٰی رَبِّہِمۡ ۙ اُولٰٓئِکَ اَصۡحٰبُ الۡجَنَّۃِ ۚ ہُمۡ فِیۡہَا خٰلِدُوۡنَ﴿۲۳﴾

۲۳۔ جو لوگ ایمان لائے اور نیک اعمال بجا لائے اور اپنے رب کے سامنے عاجزی کرتے رہے یقینا یہی اہل جنت ہیں، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔

23۔ انبیاء کو جھٹلانے والی جماعت کے برعکس اہل ایمان اپنے پروردگار کے سامنے تواضع اور عاجزی کرتے ہیں جو ایمان کا بہترین مظہر اور ایمان کی پختگی پر بہت بڑی دلیل ہے۔ عبادت اور خضوع کو ذوق بندگی سے محروم لوگ انسان کی توہین اور ذلت پسندی سمجھتے ہیں، جب کہ خدا کی معرفت رکھنے والے اس کمال مطلق کے سامنے تواضع اور عاجزی کو اپنے لیے معراج سمجھتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جو کمال کے سامنے اکڑ جاتے ہے وہی لوگ انسانی اقدار سے محروم اور ذلت پسند ہوتے ہیں۔

مَثَلُ الۡفَرِیۡقَیۡنِ کَالۡاَعۡمٰی وَ الۡاَصَمِّ وَ الۡبَصِیۡرِ وَ السَّمِیۡعِ ؕ ہَلۡ یَسۡتَوِیٰنِ مَثَلًا ؕ اَفَلَا تَذَکَّرُوۡنَ﴿٪۲۴﴾

۲۴۔ دونوں فریقوں (مومنوں اور کافروں) کی مثال ایسی ہے جیسے (ایک طرف) اندھا اور بہرا ہو اور (دوسری طرف) دیکھنے والا اور سننے والا ہو، کیا یہ دونوں یکساں ہو سکتے ہیں؟ کیا تم نصیحت نہیں لیتے؟

24۔ دونوں فریقوں کی صورت حال کی ایک محسوس اور سادہ مثال۔ مومن اپنی عقل سے کام لینے کے لیے اپنے اعضا و جوارح سے کام لیتا ہے۔ وہ دیکھتا اور سنتا ہے، پھر سمجھتا ہے اس پر عمل کرتا ہے، نجات اور کامیابی نصیب ہو جاتی ہے۔ کافر اپنے اعضا سے کام نہیں لیتا، نہ بصارت سے، نہ سماعت سے اور نتیجتاً نہ عقل سے، لہٰذا وہ نہ ہدایت حاصل کر سکتا ہے نہ نصیحت سن سکتا ہے۔ کیا یہ دونوں برابر ہو سکتے ہیں؟ ایسا سوال ہے جس کا جواب واضح ہے۔

وَ لَقَدۡ اَرۡسَلۡنَا نُوۡحًا اِلٰی قَوۡمِہٖۤ ۫ اِنِّیۡ لَکُمۡ نَذِیۡرٌ مُّبِیۡنٌ ﴿ۙ۲۵﴾

۲۵۔ اور ہم نے نوح کو ان کی قوم کی طرف بھیجا، (انہوں نے اپنی قوم سے کہا) میں تمہیں صریحاً تنبیہ کرنے والا ہوں۔

25۔تاریخ انبیاء میں حضرت آدم علیہ السلام کے بعد ابو الانبیاء، بت پرستی کے خلاف سب سے پہلے مجاہد اور تاریخ تمدن میں سب سے پہلی شریعت پیش کرنے والے اولوالعزم پیغمبر حضرت نوح علیہ السلام کا ذکر ہے، جنہوں نے اپنی قوم سے فرمایا کہ تم جن مہلک خطرات میں گھرے ہوئے ہو اور جس انجام سے تمہیں دو چار ہونا ہو گا، اس سے بچانے اور تنبیہ کرنے آیا ہوں اور یہ سمجھانے آیا ہوں کہ صرف اللہ کی عبادت کرو، بت پرستی چھوڑ دو۔

اَنۡ لَّا تَعۡبُدُوۡۤا اِلَّا اللّٰہَ ؕ اِنِّیۡۤ اَخَافُ عَلَیۡکُمۡ عَذَابَ یَوۡمٍ اَلِیۡمٍ﴿۲۶﴾

۲۶۔ کہ تم غیر اللہ کی عبادت نہ کرو، مجھے تمہارے بارے میں ایک دردناک دن کے عذاب کا ڈر ہے۔

فَقَالَ الۡمَلَاُ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا مِنۡ قَوۡمِہٖ مَا نَرٰىکَ اِلَّا بَشَرًا مِّثۡلَنَا وَ مَا نَرٰىکَ اتَّبَعَکَ اِلَّا الَّذِیۡنَ ہُمۡ اَرَاذِلُنَا بَادِیَ الرَّاۡیِ ۚ وَ مَا نَرٰی لَکُمۡ عَلَیۡنَا مِنۡ فَضۡلٍۭ بَلۡ نَظُنُّکُمۡ کٰذِبِیۡنَ﴿۲۷﴾

۲۷۔ تو ان کی قوم کے کافر سرداروں نے کہا: ہماری نظر میں تو تم صرف ہم جیسے بشر ہو اور ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ ہم میں سے ادنیٰ درجے کے لوگ سطحی سوچ سے تمہاری پیروی کر رہے ہیں اور ہمیں کوئی ایسی بات بھی نظر نہیں آتی جس سے تمہیں ہم پر فضیلت حاصل ہو بلکہ ہم تو تمہیں کاذب خیال کرتے ہیں۔

27۔ مادی نظریہ رکھنے والی، قدیم و جدید جاہلیت، انسان کو انسانی نہیں بلکہ مادی اقدار میں تولتی ہے۔ فقیر اور نادار لوگ انبیاء کی دعوت پر لبیک کہنے میں غالباً پہل کرتے ہیں۔ ان پر مادیت غالب نہ آنے کی وجہ سے ان کی روح شفاف ہوتی ہے اور باطن صاف ہوتا ہے۔

بَادِيَ الرَّاْيِ : منکرین کا خیال یہ ہوتا ہے کہ دین کو قبول کرنے والے، سطحی سوچ کے مالک، کم فکر لوگ ہوتے ہیں جن کی فکری بلوغت اس حدتک نہیں ہوتی کہ ان کے ایمان کو کوئی وزن دیا جائے۔ آج کے منکرین اور مستکبرین، اہل ایمان کو قدامت پسند، سادہ لوح اور ناخواندہ کہتے ہیں۔ اسی لیے وہ ان کے لیے کسی قدر و منزلت اور خاص حیثیت کے قائل نہیں ہوتے۔

قَالَ یٰقَوۡمِ اَرَءَیۡتُمۡ اِنۡ کُنۡتُ عَلٰی بَیِّنَۃٍ مِّنۡ رَّبِّیۡ وَ اٰتٰىنِیۡ رَحۡمَۃً مِّنۡ عِنۡدِہٖ فَعُمِّیَتۡ عَلَیۡکُمۡ ؕ اَنُلۡزِمُکُمُوۡہَا وَ اَنۡتُمۡ لَہَا کٰرِہُوۡنَ﴿۲۸﴾

۲۸۔(نوح نے) کہا: اے میری قوم! مجھے بتاؤ اگر میں اپنے رب کی طرف سے واضح دلیل رکھتا ہوں اور اس نے مجھے اپنی رحمت سے نوازا ہے مگر وہ تمہیں نہ سوجھتی ہو تو کیا ہم تمہیں اس پر مجبور کر سکتے ہیں جبکہ تم اسے ناپسند کرتے ہو؟

28۔ سابقہ آیات میں منکرین کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات میں سے ایک ایک کا جواب ہے۔ پہلا شبہ یہ تھا کہ تم ہم جیسے بشر ہو۔ اس کے جواب میں فرمایا: میں اپنے رب کی طرف سے واضح دلیل رکھتا ہوں کہ میں اس کا نمائندہ ہوں۔ اس نے مجھے اپنی رحمت یعنی نبوت سے نوازا ہے۔ پھر بھی میں تم جیسا ہوں۔

وَ یٰقَوۡمِ لَاۤ اَسۡئَلُکُمۡ عَلَیۡہِ مَالًا ؕ اِنۡ اَجۡرِیَ اِلَّا عَلَی اللّٰہِ وَ مَاۤ اَنَا بِطَارِدِ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا ؕ اِنَّہُمۡ مُّلٰقُوۡا رَبِّہِمۡ وَ لٰکِنِّیۡۤ اَرٰىکُمۡ قَوۡمًا تَجۡہَلُوۡنَ﴿۲۹﴾

۲۹۔ اور اے میری قوم! میں اس کام پر تم سے کوئی معاوضہ نہیں مانگتا، میرا اجر تو صرف اللہ پر ہے اور میں ان لوگوں کو اپنے سے دور بھی نہیں کر سکتا جو ایمان لا چکے ہیں، یقینا یہ لوگ اپنے رب کی بارگاہ میں حاضر ہونے والے ہیں لیکن میں دیکھتا ہوں کہ تم لوگ جاہل قوم ہو۔

29۔ دوسرا شبہ یہ تھا کہ تمہاری پیروی ادنیٰ درجے کے لوگ کر رہے ہیں۔ اس آیت میں اس کا جواب دیا گیا ہے: انبیاء علیہ السلام لوگوں کے مال و دولت سے بے نیاز ہوتے ہیں، لہٰذا ان کے سامنے امیر و فقیر یکساں ہوتے ہیں۔ ہدایت و رہنمائی کا بھی لوگوں سے کسی قسم کا معاوضہ نہیں مانگا جاتا۔ اس لیے دعوت انبیاء علیہ السلام کے بارے میں فقیر و امیر کا سوال بے معنی ہو جاتا ہے۔ لہٰذا یہ کیسے ممکن ہے کہ جن لوگوں نے اس دعوت پر لبیک کہی ہے، ان کو صرف فقیر و نادار ہونے کی بنیاد پر دھتکار دیا جائے۔

وَ یٰقَوۡمِ مَنۡ یَّنۡصُرُنِیۡ مِنَ اللّٰہِ اِنۡ طَرَدۡتُّہُمۡ ؕ اَفَلَا تَذَکَّرُوۡنَ﴿۳۰﴾

۳۰۔ اور اے میری قوم! اگر میں انہیں دور کروں تو مجھے اللہ (کے قہر) سے کون بچائے گا؟ کیا تم نصیحت نہیں لیتے ؟