قُلۡ اِنِّیۡ لَاۤ اَمۡلِکُ لَکُمۡ ضَرًّا وَّ لَا رَشَدًا﴿۲۱﴾

۲۱۔ کہدیجئے: میں تمہارے لیے نہ کسی نقصان کا اختیار رکھتا ہوں اور نہ کسی ہدایت کا۔

قُلۡ اِنِّیۡ لَنۡ یُّجِیۡرَنِیۡ مِنَ اللّٰہِ اَحَدٌ ۬ۙ وَّ لَنۡ اَجِدَ مِنۡ دُوۡنِہٖ مُلۡتَحَدًا ﴿ۙ۲۲﴾

۲۲۔ کہدیجئے: مجھے اللہ سے کوئی ہرگز نہیں بچا سکتا اور نہ ہرگز اس کے سوا کوئی جائے پناہ پا سکوں گا۔

اِلَّا بَلٰغًا مِّنَ اللّٰہِ وَ رِسٰلٰتِہٖ ؕ وَ مَنۡ یَّعۡصِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ فَاِنَّ لَہٗ نَارَ جَہَنَّمَ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَاۤ اَبَدًا ﴿ؕ۲۳﴾

۲۳۔ (میرا کام تو) صرف اللہ کی بات اور اس کے پیغامات کا پہنچانا ہے اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرتا ہے اس کے لیے جہنم کی آگ ہے جس میں وہ ابد تک ہمیشہ رہیں گے۔

حَتّٰۤی اِذَا رَاَوۡا مَا یُوۡعَدُوۡنَ فَسَیَعۡلَمُوۡنَ مَنۡ اَضۡعَفُ نَاصِرًا وَّ اَقَلُّ عَدَدًا﴿۲۴﴾

۲۴۔ (وہ ایمان نہیں لائیں گے) یہاں تک کہ وہ اسے دیکھ لیں گے جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا ہے تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ کس کا مددگار زیادہ کمزور ہے اور کس کی جماعت قلت میں ہے۔

قُلۡ اِنۡ اَدۡرِیۡۤ اَقَرِیۡبٌ مَّا تُوۡعَدُوۡنَ اَمۡ یَجۡعَلُ لَہٗ رَبِّیۡۤ اَمَدًا﴿۲۵﴾

۲۵۔ کہدیجئے: میں نہیں جانتا کہ جس کا وعدہ تم سے کیا جاتا ہے وہ قریب ہے یا میرا رب اس کے لیے لمبی مدت مقرر فرماتا ہے۔

عٰلِمُ الۡغَیۡبِ فَلَا یُظۡہِرُ عَلٰی غَیۡبِہٖۤ اَحَدًا ﴿ۙ۲۶﴾

۲۶۔ وہ غیب کا جاننے والا ہے اور اپنے غیب کسی پر ظاہر نہیں کرتا۔

26۔ علم غیب ذاتی طور پر صرف اور صرف اللہ تعالیٰ جانتا ہے۔ اس آیت میں فرمایا: البتہ رسولوں میں سے جسے ہم برگزیدہ کرتے ہیں، اس پر غیب کا اظہار کرتے ہیں۔ رسولوں میں انسان اور ملائکہ دونوں شامل ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا برگزیدہ رسول کے پاس بھی علم غیب آ سکتا ہے، مگر یہ اس رسول کا ذاتی علم نہ ہو گا بلکہ اللہ کی طرف سے تعلیم شدہ علم ہو گا۔ تیسرے درجے پر اولیائے کرام ہوں گے جو رسول صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم سے براہ راست تعلیم لیتے ہیں۔

بصائر الدرجات ص 293 میں آیا ہے: لا یُعَلِّمُ اللہ محمداً علماً اِلا و امرہ ان یعلّم علیا ۔ اللہ تعالیٰ نے محمد صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کو کوئی تعلیم نہیں دی مگر یہ کہ حکم دیا کہ یہ علی کو سکھائیں۔ شرجیل نے رسول اللہ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم سے بھی اس قسم کی حدیث بیان کی ہے۔

اِلَّا مَنِ ارۡتَضٰی مِنۡ رَّسُوۡلٍ فَاِنَّہٗ یَسۡلُکُ مِنۡۢ بَیۡنِ یَدَیۡہِ وَ مِنۡ خَلۡفِہٖ رَصَدًا ﴿ۙ۲۷﴾

۲۷۔ سوائے اس رسول کے جسے اس نے برگزیدہ کیا ہو، وہ اس کے آگے اور پیچھے نگہبان مقرر کر دیتا ہے۔

27۔ یَسۡلُکُ مِنۡۢ : اس جملے میں فرمایا کہ جب رسول صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم پر راز ہائے غیب نازل کرنا ہو تو نگہبانوں کے تحفظ میں یہ راز دیا جاتا ہے اور صرف قلب رسول صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کے تحفظ میں دیا جاتا ہے۔ آگے رسول صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم یہ علم صرف اہل ہستیوں کے سپرد فرماتے ہیں۔

لِّیَعۡلَمَ اَنۡ قَدۡ اَبۡلَغُوۡا رِسٰلٰتِ رَبِّہِمۡ وَ اَحَاطَ بِمَا لَدَیۡہِمۡ وَ اَحۡصٰی کُلَّ شَیۡءٍ عَدَدًا﴿٪۲۸﴾

۲۸۔ تاکہ اسے علم ہو جائے کہ انہوں نے اپنے رب کے پیغامات پہنچائے ہیں اور جو کچھ ان کے پاس ہے اس پر اللہ نے احاطہ کر رکھا ہے اور اس نے ہر چیز کو شمار کر رکھا ہے۔