فَخَسَفۡنَا بِہٖ وَ بِدَارِہِ الۡاَرۡضَ ۟ فَمَا کَانَ لَہٗ مِنۡ فِئَۃٍ یَّنۡصُرُوۡنَہٗ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ ٭ وَ مَا کَانَ مِنَ الۡمُنۡتَصِرِیۡنَ﴿۸۱﴾

۸۱۔ پھر ہم نے قارون اور اس کے گھر کو زمین میں دھنسا دیا تو اللہ کے مقابلے میں کوئی جماعت اس کی نصرت کے لیے موجود نہ تھی اور نہ ہی وہ بدلہ لینے والوں میں سے تھا۔

81۔ قارون کا اپنے گھر اور مال دولت سمیت زندہ درگور ہونے کا ذکر توریت میں بھی ملتا ہے۔ (گنتی 16:20)

وَ اَصۡبَحَ الَّذِیۡنَ تَمَنَّوۡا مَکَانَہٗ بِالۡاَمۡسِ یَقُوۡلُوۡنَ وَیۡکَاَنَّ اللّٰہَ یَبۡسُطُ الرِّزۡقَ لِمَنۡ یَّشَآءُ مِنۡ عِبَادِہٖ وَ یَقۡدِرُ ۚ لَوۡ لَاۤ اَنۡ مَّنَّ اللّٰہُ عَلَیۡنَا لَخَسَفَ بِنَا ؕ وَیۡکَاَنَّہٗ لَا یُفۡلِحُ الۡکٰفِرُوۡنَ﴿٪۸۲﴾

۸۲۔ اور جو لوگ کل اس کی منزلت کی تمنا کر رہے تھے وہ کہنے لگے: دیکھتے نہیں ہو! اللہ اپنے بندوں میں سے جس کی چاہتا ہے روزی کشادہ اور تنگ کر دیتا ہے، اگر اللہ ہم پر احسان نہ کرتا تو ہمیں بھی دھنسا دیتا، دیکھتے نہیں ہو! کافر فلاح نہیں پا سکتے۔

82۔ وَیۡکَاَنَّ : بعض کہتے ہیں کہ یہ وَیۡکَ ہے، اس پر اَنَّ داخل ہوا ہے۔ اس کے معنی اَلَمۡ تَرَ کے ہیں۔ بعض کے نزدیک وَیۡ تہدید کے معنوں میں ہے، بعض کے نزدیک یہ لفظ وَیۡلَک کے معنوں میں ہے۔

تِلۡکَ الدَّارُ الۡاٰخِرَۃُ نَجۡعَلُہَا لِلَّذِیۡنَ لَا یُرِیۡدُوۡنَ عُلُوًّا فِی الۡاَرۡضِ وَ لَا فَسَادًا ؕ وَ الۡعَاقِبَۃُ لِلۡمُتَّقِیۡنَ﴿۸۳﴾

۸۳۔ آخرت کا گھر ہم ان لوگوں کے لیے بنا دیتے ہیں جو زمین میں بالادستی اور فساد پھیلانا نہیں چاہتے اور (نیک) انجام تو تقویٰ والوں کے لیے ہے۔

مَنۡ جَآءَ بِالۡحَسَنَۃِ فَلَہٗ خَیۡرٌ مِّنۡہَا ۚ وَ مَنۡ جَآءَ بِالسَّیِّئَۃِ فَلَا یُجۡزَی الَّذِیۡنَ عَمِلُوا السَّیِّاٰتِ اِلَّا مَا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ﴿۸۴﴾

۸۴۔ جو شخص نیکی لے کر آئے گا اسے اس سے بہتر (اجر) ملے گا اور جو کوئی برائی لائے گا تو برے کام کرنے والوں کو صرف وہی بدلہ ملے گا جو وہ کرتے رہے ہیں۔

84۔ اسی آیت کے ذیل میں حدیث ہے: ویل لمن غلبت آحادہ أعشارہ (وسائل الشیعۃ 16: 103) حسرت اس شخص کے لیے جس کی اکائیاں (برائی) اس کی دہائیوں (نیکیوں) پر غالب آ جائیں۔

اِنَّ الَّذِیۡ فَرَضَ عَلَیۡکَ الۡقُرۡاٰنَ لَرَآدُّکَ اِلٰی مَعَادٍ ؕ قُلۡ رَّبِّیۡۤ اَعۡلَمُ مَنۡ جَآءَ بِالۡہُدٰی وَ مَنۡ ہُوَ فِیۡ ضَلٰلٍ مُّبِیۡنٍ﴿۸۵﴾

۸۵۔ (اے رسول) جس نے آپ پر قرآن (کے احکام کو) فرض کیا ہے وہ یقینا آپ کو بازگشت تک پہنچانے والا ہے، کہدیجئے: میرا رب اسے خوب جانتا ہے جو ہدایت لے کر آیا ہے اور اسے بھی جو واضح گمراہی میں ہے۔

85۔ یہ آیت مکہ سے ہجرت کے موقع پر اس وقت نازل ہوئی جب حضور صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کو وطن یاد آیا کہ جس ذات نے آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم پر تبلیغ قرآن کو فرض اور لازم قرار دیا ہے وہ آپ کو دوبارہ اس جگہ (مکہ) فاتحانہ انداز میں واپس کرنے والی ہے، جہاں سے آپ کو نکلنا پڑ رہا ہے۔ یہ پیش گوئی قلیل مدت میں درست ثابت ہوئی اور رسول کریم صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم فاتحانہ انداز میں مکہ واپس آئے۔

وَ مَا کُنۡتَ تَرۡجُوۡۤا اَنۡ یُّلۡقٰۤی اِلَیۡکَ الۡکِتٰبُ اِلَّا رَحۡمَۃً مِّنۡ رَّبِّکَ فَلَا تَکُوۡنَنَّ ظَہِیۡرًا لِّلۡکٰفِرِیۡنَ ﴿۫۸۶﴾

۸۶۔ اور آپ کو یہ امید نہ تھی کہ آپ پر یہ کتاب نازل کی جائے گی مگر آپ کے رب کی رحمت سے لہٰذا آپ کافروں کے پشت پناہ ہرگز نہ بنیں۔

86۔ یعنی اگر رحمت رب آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کے شامل حال نہ ہوتی تو آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم یہ امید تک نہیں کر سکتے تھے کہ یہ قرآن آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم پر نازل کیا جائے گا۔ ظاہر ہے اللہ کی رحمت سے ہٹ کر نبوت مل سکتی ہے، نہ قرآن نازل ہو سکتا ہے۔

تعجب ہے کہ بعض اہل قلم نے اس بات کے اثبات کے لیے کئی صفحات لکھ ڈالے کہ حضور صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کو پہلے نبوت ملنے کی امید تک نہ تھی اور آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم نے اس کا کبھی سوچا بھی نہ تھا، بلکہ آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم وحی نازل ہونے کے بعد بھی شک میں رہے کہ یہ میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ ورقہ بن نوفل نے اس بات کی طرف توجہ دلا دی کہ آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم نبوت پر فائز ہو رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اللہ نے ایسے شخص سے رابطہ فرمایا جس کو اتنا بھی علم نہ تھا، جتنا ایک دوسرے شخص ورقہ بن نوفل کو تھا۔ ہم نے یہ بات کئی بار لکھی ہے کہ وحی کا تعلق صرف حواس ظاہری سے نہیں ہوتا۔ انبیاء وحی کو اپنے پورے وجود کے ساتھ حاصل کرتے ہیں، جس میں شک و تردید کی گنجائش نہیں ہوتی۔ جس قدر انہیں اپنے وجود پر یقین ہوتا ہے اسی قدر یقین سے وحی وصول کرتے ہیں۔

وَ لَا یَصُدُّنَّکَ عَنۡ اٰیٰتِ اللّٰہِ بَعۡدَ اِذۡ اُنۡزِلَتۡ اِلَیۡکَ وَ ادۡعُ اِلٰی رَبِّکَ وَ لَا تَکُوۡنَنَّ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ ﴿ۚ۸۷﴾

۸۷۔ جب یہ آیات آپ کی طرف نازل ہو چکی ہیں تو کہیں یہ آپ کو اللہ کی آیات (کی تبلیغ) سے روک نہ دیں اور آپ اپنے رب کی طرف دعوت دیں اور آپ مشرکین میں ہرگز شامل نہ ہوں۔

وَ لَا تَدۡعُ مَعَ اللّٰہِ اِلٰـہًا اٰخَرَ ۘ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۟ کُلُّ شَیۡءٍ ہَالِکٌ اِلَّا وَجۡہَہٗ ؕ لَہُ الۡحُکۡمُ وَ اِلَیۡہِ تُرۡجَعُوۡنَ﴿٪۸۸﴾ ۞ؓ

۸۸۔ اور اللہ کے ساتھ کسی اور معبود کو نہ پکارو، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، ہر چیز فنا ہونے والی ہے سوائے اس کی ذات کے، حکومت کا حق اسی کو حاصل ہے اور اسی کی طرف تم سب پلٹائے جاؤ گے۔

88۔ وجہہ، ذاتہ، الوجہ سے ذات مراد لی جاتی ہے۔ جیسے وَجۡہَ النَّہَارِ سے مراد خود دن لیا جاتا ہے۔ ذات خدا بنفسہ موجود ہے اور غیر خدا بنفسہ موجود نہیں ہے، بلکہ بارادﮤ خدا موجود ہے۔ لہٰذا جب تک ارادﮤ خدا موجود ہے، سب موجود ہیں اور جس آن ارادﮤ خدا نہ ہو گا سب کی ہستی نابود ہو جائے گی۔