آیت 87
 

وَ لَا یَصُدُّنَّکَ عَنۡ اٰیٰتِ اللّٰہِ بَعۡدَ اِذۡ اُنۡزِلَتۡ اِلَیۡکَ وَ ادۡعُ اِلٰی رَبِّکَ وَ لَا تَکُوۡنَنَّ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ ﴿ۚ۸۷﴾

۸۷۔ جب یہ آیات آپ کی طرف نازل ہو چکی ہیں تو کہیں یہ آپ کو اللہ کی آیات (کی تبلیغ) سے روک نہ دیں اور آپ اپنے رب کی طرف دعوت دیں اور آپ مشرکین میں ہرگز شامل نہ ہوں۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ لَا یَصُدُّنَّکَ عَنۡ اٰیٰتِ اللّٰہِ: مشرکین نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دعوت توحید سے برگشتہ کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔ آخر میں وہ آپ کو شہید کرنے کے لیے دارالندوۃ میں جمع ہو گئے۔ ایسے حالات میں آپ کو سہارا دینے اور مشرکین کو مایوس کرنے کے لیے یہ آیات نازل ہوتی ہیں۔ ان میں ارشاد فرمایا: کسی سے ہو نہیں سکتا کہ آیات الٰہی آپؐ پر نازل ہونے کے بعد آپ کی دعوت کی راہ میں رکاوٹ ڈالے۔ آیات الٰہی کے نزول کے بعد ممکن نہیں ان کو غیر مؤثر کیا جا سکے یا ان آیات کی تبلیغ ممکن نہ ہو سکے۔ آیات کا نزول اپنے مقصد نزول میں ناکام ہو جائے۔

۲۔ وَ ادۡعُ اِلٰی رَبِّکَ: اپنی دعوت جاری رکھیں۔ یہ دعوت جاری رہنے کے لیے وجود میں آئی ہے۔

۳۔ وَ لَا تَکُوۡنَنَّ مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ: مشرکین کی یہ کوشش ناکام ہو جائے گی کہ آپؐ اس دعوت کو چھوڑ کر مشرکین کے ساتھ ہو جائیں۔ اس میں مشرکین کے لیے ناامیدی کی نوید ہے کہ ان کی مذوموم کوشش بارآور نہیں ہو سکے گی۔

اہم نکات

۱۔ آیات الٰہی نزول کے بعد مقصد نزول میں ناکام نہیں ہو سکتیں۔


آیت 87