آیت 82
 

وَ اَصۡبَحَ الَّذِیۡنَ تَمَنَّوۡا مَکَانَہٗ بِالۡاَمۡسِ یَقُوۡلُوۡنَ وَیۡکَاَنَّ اللّٰہَ یَبۡسُطُ الرِّزۡقَ لِمَنۡ یَّشَآءُ مِنۡ عِبَادِہٖ وَ یَقۡدِرُ ۚ لَوۡ لَاۤ اَنۡ مَّنَّ اللّٰہُ عَلَیۡنَا لَخَسَفَ بِنَا ؕ وَیۡکَاَنَّہٗ لَا یُفۡلِحُ الۡکٰفِرُوۡنَ﴿٪۸۲﴾

۸۲۔ اور جو لوگ کل اس کی منزلت کی تمنا کر رہے تھے وہ کہنے لگے: دیکھتے نہیں ہو! اللہ اپنے بندوں میں سے جس کی چاہتا ہے روزی کشادہ اور تنگ کر دیتا ہے، اگر اللہ ہم پر احسان نہ کرتا تو ہمیں بھی دھنسا دیتا، دیکھتے نہیں ہو! کافر فلاح نہیں پا سکتے۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ اَصۡبَحَ الَّذِیۡنَ تَمَنَّوۡا مَکَانَہٗ بِالۡاَمۡسِ: کل جو لوگ دولت کی تمنا کرتے تھے آج اس کا انجام دیکھ کر سمجھ گئے دولت خوشحالی نہیں ہے اور دولت کا حصول کسی کا ذاتی کمال اور ہنرمندی کا نتیجہ نہیں ہوتا بلکہ دولت دینا، نہ دینا اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ وہ جسے چاہتا ہے دولت دیتا ہے۔ انعام کے طور پر یا آزمائش اور سزا کے طور پر۔

۲۔ لَوۡ لَاۤ اَنۡ مَّنَّ اللّٰہُ عَلَیۡنَا لَخَسَفَ بِنَا: اگر مال و دولت نہ دے کر اللہ نے ہم پر احسان نہ کیا ہوتا اور مال حاصل کر کے سرکش و دولت مند ہوتے تو ہمارا بھی حشر قارون کی طرح ہوتا۔

سرکش دولت مندوں کا انجام دیکھ کر یہ نکتہ ہر ایک کی سمجھ میں آتا ہے کہ دولت نہ دینا اللہ کا احسان ہے لیکن انجام دیکھنے سے پہلے صرف راز حیات سے واقف لوگ سمجھتے ہیں کہ دولت نہ دینا اللہ کا بڑا احسان ہے چونکہ تنگی کی آزمائش میں انسان کامیاب ہو جاتا ہے لیکن آسائش میں نہایت کم لوگ کامیاب ہوتے ہیں۔

۳۔ وَیۡکَاَنَّہٗ لَا یُفۡلِحُ الۡکٰفِرُوۡنَ: اللہ کی نعمتوں سے مالا مال ہو کر منکر نعمت ہونے والے اور اس نعمت کو اپنی مہارت اور ہنر مندی کا نتیجہ قرار دینے والے زندگی کے امتحان میں کامیاب نہیں ہوتے۔

وَیۡکَاَنَّہٗ بعض کہتے ہیں یہ ویک ہے اس پر کَاَنَّ داخل ہوا ہے۔ اس کے معنی الم تر دیکھتے نہیں ہو کے ہیں۔ بعض کے نزدیک ویک تہدید کے معنوں میں ہے۔

پہلے معنی کے لیے شاہد پیش کیا جاتا ہے: ایک دیہاتی عرب خاتون نے اپنے شوہر سے کہا: تیرا بیٹا کہاں ہے؟ تو اس نے جواب میں کہا: ویکانہ وراء البیت دیکھتی نہیں ہو وہ گھر کے پیچھے ہے۔ بعض کے نزدیک اس کے معنی ویلک اعلم ہے۔ ہم نے پہلے معنی کو سیاق کے مطابق ہونے کی وجہ سے ترجیح دی ہے۔

اہم نکات

۱۔ بہت سے افراد کے لیے دولت نہ دینا اللہ کا احسان ہے: مَّنَّ اللّٰہُ عَلَیۡنَا ۔۔۔۔


آیت 82