یُوۡصِیۡکُمُ اللّٰہُ فِیۡۤ اَوۡلَادِکُمۡ ٭ لِلذَّکَرِ مِثۡلُ حَظِّ الۡاُنۡثَیَیۡنِ ۚ فَاِنۡ کُنَّ نِسَآءً فَوۡقَ اثۡنَتَیۡنِ فَلَہُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَکَ ۚ وَ اِنۡ کَانَتۡ وَاحِدَۃً فَلَہَا النِّصۡفُ ؕ وَ لِاَبَوَیۡہِ لِکُلِّ وَاحِدٍ مِّنۡہُمَا السُّدُسُ مِمَّا تَرَکَ اِنۡ کَانَ لَہٗ وَلَدٌ ۚ فَاِنۡ لَّمۡ یَکُنۡ لَّہٗ وَلَدٌ وَّ وَرِثَہٗۤ اَبَوٰہُ فَلِاُمِّہِ الثُّلُثُ ۚ فَاِنۡ کَانَ لَہٗۤ اِخۡوَۃٌ فَلِاُمِّہِ السُّدُسُ مِنۡۢ بَعۡدِ وَصِیَّۃٍ یُّوۡصِیۡ بِہَاۤ اَوۡ دَیۡنٍ ؕ اٰبَآؤُکُمۡ وَ اَبۡنَآؤُکُمۡ لَا تَدۡرُوۡنَ اَیُّہُمۡ اَقۡرَبُ لَکُمۡ نَفۡعًا ؕ فَرِیۡضَۃً مِّنَ اللّٰہِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا﴿۱۱﴾

۱۱۔ اللہ تمہاری اولاد کے بارے میں تمہیں ہدایت فرماتا ہے، ایک لڑکے کا حصہ دو لڑکیوں کے حصے کے برابر ہے، پس اگر لڑکیاں دو سے زائد ہوں تو ترکے کا دو تہائی ان کا حق ہے اور اگر صرف ایک لڑکی ہے تو نصف (ترکہ) اس کا ہے اور میت کی اولاد ہونے کی صورت میں والدین میں سے ہر ایک کو ترکے کا چھٹا حصہ ملے گا اور اگر میت کی اولاد نہ ہو بلکہ صرف ماں باپ اس کے وارث ہوں تو اس کی ماں کو تیسرا حصہ ملے گا، پس اگر میت کے بھائی ہوں تو ماں کو چھٹا حصہ ملے گا، یہ تقسیم میت کی وصیت پر عمل کرنے اور اس کے قرض کی ادائیگی کے بعد ہو گی، تمہیں نہیں معلوم تمہارے والدین اور تمہاری اولاد میں فائدے کے حوالے سے کون تمہارے زیادہ قریب ہے، یہ حصے اللہ کے مقرر کردہ ہیں، یقینا اللہ بڑا جاننے والا، باحکمت ہے۔

11۔ اسلام نے میراث کے لیے بنیادی طور پر دو سبب متعین کیے ہیں: نسب و سبب۔ سبب کی دو قسمیں ہیں: زوجیت اور ولاء۔ نسب کے تین طبقے ہیں: پہلا طبقہ اولاد اور والدین، دوسرا طبقہ اجداد اور بہن بھائی یا ان کی اولاد، تیسرا طبقہ چچا، پھوپھی، ماموں، خالہ اور ان کی اولاد ہیں۔

اس آیت میں طبقۂ اول کی میراث کا حکم بیان ہوا ہے اور ان میں سے یہاں دو اختلافی مسائل کا مختصر بیان مناسب ہے۔ عول: کبھی میراث کے کل حصے ترکے سے زیادہ ہو جاتے ہیں، مثلاً مرنے والے کے پسماندگان میں دو لڑکیاں والدین اور شوہر ہوں تو حصے 6؍2، 3؍2، 4؍1 بنتے ہیں جو اصل ترکے سے زیادہ ہیں۔ اہل سنت میں مشہور یہ ہے کہ سب کے حصوں سے کم کیا جائے۔ اسے عول کہتے ہیں جو حضرت عمر نے اپنے ایام خلافت میں رائج کیا۔ (مستدرک حاکم 340) امامیہ کے نزدیک یہ کمی بہنوں اور بیٹیوں پر آئے گی۔ تعصیب: کبھی میراث کے کل حصے اصل ترکے سے کم ہو جاتے ہیں اور ترکہ زیادہ ہو جاتا ہے۔ مثلاً مرنے والے کے پسماندگان میں ایک لڑکی ماں اور چچا ہیں تو نصف لڑکی کا، 6؍1 حصہ ماں کا۔ امامیہ کے نزدیک یہ زیادہ ان کی طرف رد کیا جائے گا جن پر پہلی صورت میں کمی آئی تھی۔ یعنی بہنوں اور بیٹیوں کو دیا جائے گا۔ جبکہ اہل سنت اس زیادہ کو طبقہ دوم کے وارثین میں تقسیم کرتے ہیں۔ فقہی اصطلاح میں اسے تعصیب کہتے ہیں۔

اس آیت کی عمومیت میں نبی، غیر نبی سب شامل ہیں۔ یہاں دو باتیں قابل توجہ ہیں۔ پہلی بات بالاجماع ثابت ہے کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا نے اپنے پدر بزرگوار کی میراث کا مطالبہ کیا اور اس مطالبے کے مسترد ہونے پر ناراض رہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ وَاَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ (26: 214) کے تحت رسول کریم صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم پر واجب ہے کہ اپنے قریبی رشتہ داروں کو احکام کی تبلیغ و انذار کریں۔ لہٰذا اگر حضرت زہرا (س) کو وراثت میں کچھ بھی نہیں ملنا تھا تو رسول اللہ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم نے یہ حکم حضرت زہرا (س) کو بتایا ہو گا۔ اس کے باوجود حضرت زہرا (س) نے میراث کا مطالبہ کیا ہے تو اس سے حکم رسول صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کی خلاف ورزی لازم آتی ہے۔ چونکہ حضرت زہرا سے حکم رسول صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کی خلاف ورزی ممکن نہیں ہے لہٰذا جناب سیدہ کا مطالبہ حق بجانب ثابت ہوتا ہے۔

میراث کی تقسیم مرد و زن کی قدر و قیمت کے مطابق نہیں، بلکہ عائلی نظام میں حاصل مقام کے مطابق ہوتی ہے۔ چنانچہ اگر مرنے والے نے اپنے پیچھے ایک بیٹی اور باپ چھوڑا ہے تو بیٹی (عورت) کو باپ (مرد) سے زیادہ حصہ ملے گا۔ اگر مرنے والے کے پسماندگان میں بیٹا اور والدین ہیں تو باپ (مرد ) اور ماں (عورت ) کو برابر حصہ ملے گا۔ دوسرا نکتہ یہ ہے کہ اگرچہ مرد کو دگنا حصہ ملتا ہے لیکن عورت کے اخراجات مرد کے ذمے ہیں۔ مثلاً اگر مرد کو دو ہزار اور عورت کو ایک ہزار ملا ہے تو مرد ایک ہزار خود پر اور ایک ہزار عورت پر خرچ کرے گا تو عورت کے پاس ایک ہزار مرد کی طرف سے اور ایک ہزار وراثت کی طرف سے دو ہزار آ گئے، جبکہ مرد کے پاس صرف ایک ہزار رہ گیا۔ اس طرح سرپرستی کے اعتبار سے مرد کو دگنا ملتا ہے لیکن خرچ کے اعتبار سے عورت کو دگنا مل جاتا ہے۔

وَ لَکُمۡ نِصۡفُ مَا تَرَکَ اَزۡوَاجُکُمۡ اِنۡ لَّمۡ یَکُنۡ لَّہُنَّ وَلَدٌ ۚ فَاِنۡ کَانَ لَہُنَّ وَلَدٌ فَلَکُمُ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَکۡنَ مِنۡۢ بَعۡدِ وَصِیَّۃٍ یُّوۡصِیۡنَ بِہَاۤ اَوۡ دَیۡنٍ ؕ وَ لَہُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَکۡتُمۡ اِنۡ لَّمۡ یَکُنۡ لَّکُمۡ وَلَدٌ ۚ فَاِنۡ کَانَ لَکُمۡ وَلَدٌ فَلَہُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَکۡتُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ وَصِیَّۃٍ تُوۡصُوۡنَ بِہَاۤ اَوۡ دَیۡنٍ ؕ وَ اِنۡ کَانَ رَجُلٌ یُّوۡرَثُ کَلٰلَۃً اَوِ امۡرَاَۃٌ وَّ لَہٗۤ اَخٌ اَوۡ اُخۡتٌ فَلِکُلِّ وَاحِدٍ مِّنۡہُمَا السُّدُسُ ۚ فَاِنۡ کَانُوۡۤا اَکۡثَرَ مِنۡ ذٰلِکَ فَہُمۡ شُرَکَآءُ فِی الثُّلُثِ مِنۡۢ بَعۡدِ وَصِیَّۃٍ یُّوۡصٰی بِہَاۤ اَوۡ دَیۡنٍ ۙ غَیۡرَ مُضَآرٍّ ۚ وَصِیَّۃً مِّنَ اللّٰہِ ؕ وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌ حَلِیۡمٌ ﴿ؕ۱۲﴾

۱۲ ۔اور تمہیں اپنی بیویوں کے ترکے میں سے اگر ان کی اولاد نہ ہو نصف حصہ ملے گا اور اگر ان کی اولاد ہو تو ان کے ترکے میں سے چوتھائی تمہارا ہو گا، یہ تقسیم میت کی وصیت پر عمل کرنے اور قرض ادا کرنے کے بعد ہو گی اگر تمہاری اولاد نہ ہو تو انہیں تمہارے ترکے میں سے چوتھائی ملے گا اور اگر تمہاری اولاد ہو تو انہیں تمہارے ترکے میں سے آٹھواں حصہ ملے گا، یہ تقسیم تمہاری وصیت پر عمل کرنے اور قرض ادا کرنے کے بعد ہو گی اور اگر کوئی مرد یا عورت بے اولاد ہو اور والدین بھی زندہ نہ ہوں اور اس کا ایک بھائی یا ایک بہن ہو تو بھائی اور بہن میں سے ہر ایک کو چھٹا حصہ ملے گا، پس اگر بہن بھائی ایک سے زیادہ ہوں تو سب ایک تہائی حصے میں شریک ہوں گے، یہ تقسیم وصیت پر عمل کرنے اور قرض ادا کرنے کے بعد ہو گی، بشرطیکہ ضرر رساں نہ ہو، یہ نصیحت اللہ کی طرف سے ہے اور اللہ بڑا دانا، بردبار ہے۔

12۔ زوجین تمام طبقات کے ساتھ میراث لیتے ہیں:

الف: زوجہ کی اولاد نہ ہو تو شوہر کو نصف حصہ ملے گا۔ اولاد ہونے کی صورت میں شوہر کو ایک چوتھائی حصہ ملے گا۔ ب: شوہر کی اولاد نہ ہو تو بیوی شوہر کے ترکہ کا چوتھائی حصہ لے گی۔ اگر اولاد ہے تو آٹھواں حصہ ملے گا۔ ج: شوہر بیوی کے ترکہ میں سے منقولات و غیر منقولات سب سے حصہ لے گا، جب کہ بیوی شوہر کے ترکہ میں منقولات میں سے حصہ لے گی۔ غیر منقولات اگر زمین ہے تو زمین سے کوئی حصہ نہیں ملے گا اور اگر زمین میں نصب شدہ چیزیں، مثلاً عمارت اور درخت ہیں تو ان کی قیمت میں سے حصہ لے گی۔ واضح رہے کہ اگر میت کے ذمے قرض ہے یا وصیت کی ہے تو پہلے قرض کی ادائیگی ہو گی اور وصیت پر عمل کیا جائے گا بعد میں میراث تقسیم ہو گی۔

تِلۡکَ حُدُوۡدُ اللّٰہِ ؕ وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ یُدۡخِلۡہُ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا ؕ وَ ذٰلِکَ الۡفَوۡزُ الۡعَظِیۡمُ﴿۱۳﴾

۱۳۔ یہ اللہ کی مقرر کردہ حدود ہیں اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا اللہ اسے ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہوں گی جن میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور یہی تو بڑی کامیابی ہے۔

وَ مَنۡ یَّعۡصِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ یَتَعَدَّ حُدُوۡدَہٗ یُدۡخِلۡہُ نَارًا خَالِدًا فِیۡہَا ۪ وَ لَہٗ عَذَابٌ مُّہِیۡنٌ﴿٪۱۴﴾

۱۴۔اور جو اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرتا ہے اور اس کی حدود سے تجاوز کرتا ہے اللہ اسے داخل جہنم کرے گا جہاں وہ ہمیشہ رہے گا اور اس کے لیے ذلت آمیز سزا ہے۔

وَ الّٰتِیۡ یَاۡتِیۡنَ الۡفَاحِشَۃَ مِنۡ نِّسَآئِکُمۡ فَاسۡتَشۡہِدُوۡا عَلَیۡہِنَّ اَرۡبَعَۃً مِّنۡکُمۡ ۚ فَاِنۡ شَہِدُوۡا فَاَمۡسِکُوۡ ہُنَّ فِی الۡبُیُوۡتِ حَتّٰی یَتَوَفّٰہُنَّ الۡمَوۡتُ اَوۡ یَجۡعَلَ اللّٰہُ لَہُنَّ سَبِیۡلًا﴿۱۵﴾

۱۵۔اور تمہاری عورتوں میں جو بدکاری کی مرتکب ہو جاتی ہیں ان پر اپنے (مسلمانوں) میں سے چار افراد کی گواہی لو، پھر اگر وہ گواہی دیں تو ان عورتوں کو گھروں میں بند رکھو یہاں تک کہ موت انہیں انجام تک پہنچا دے یا اللہ ان کے لیے کوئی اور سبیل پیدا کر دے۔

15۔ چار مردوں کی گواہی سے زنا ثابت ہونے کی صورت میں عورت کو عمر قید کی سزا دی جائے گی۔ یہ حکم بعد میں مرد اور عورت دونوں کے لیے سو سو کوڑوں کی سزا سے منسوخ ہو گیا۔ اسی طرح بعد والی آیت کا حکم بھی کوڑوں کی سزا سے منسوخ ہو گیا ہے۔

وَ الَّذٰنِ یَاۡتِیٰنِہَا مِنۡکُمۡ فَاٰذُوۡہُمَا ۚ فَاِنۡ تَابَا وَ اَصۡلَحَا فَاَعۡرِضُوۡا عَنۡہُمَا ؕ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ تَوَّابًا رَّحِیۡمًا﴿۱۶﴾

۱۶۔ اور اگر تم میں سے دو اشخاص بدکاری کا ارتکاب کریں تو ان دونوں کو اذیت دو پھر اگر وہ دونوں توبہ کریں اور اپنی اصلاح کر لیں تو ان کا پیچھا چھوڑ دو، بے شک اللہ بڑا توبہ قبول کرنے والا، رحم کرنے والا ہے۔

16۔ اگر مرد اور عورت دونوں بدکاری کے مرتکب ہو جائیں تو اس وقت ان دونوں کے لیے ابتداء میں یہ سزا تجویز کی گئی کہ ان دونوں کو اذیت دی جائے۔ اس آیت میں زنا کی سزا پہلی صورت سے مختلف ہے۔ اس لیے لازمی طور پر اس زنا کی نوعیت بھی مختلف ہونی چاہیے۔ اسی وجہ سے بعض مفسرین اس آیت کو غیر شادی شدہ مرد و عورت کے زنا پر محمول کرتے ہیں۔ بہرحال یہ آیت بھی منسوخ ہے اور سورہ نور میں زنا کی سزا سو (100) کوڑے مارنا معین ہوئی ہے۔

اِنَّمَا التَّوۡبَۃُ عَلَی اللّٰہِ لِلَّذِیۡنَ یَعۡمَلُوۡنَ السُّوۡٓءَ بِجَہَالَۃٍ ثُمَّ یَتُوۡبُوۡنَ مِنۡ قَرِیۡبٍ فَاُولٰٓئِکَ یَتُوۡبُ اللّٰہُ عَلَیۡہِمۡ ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا﴿۱۷﴾

۱۷۔ اللہ کے ذمے صرف ان لوگوں کی توبہ (قبول کرنا) ہے جو نادانی میں گناہ کا ارتکاب کر بیٹھتے ہیں پھر جلد ہی توبہ کر لیتے ہیں، اللہ ایسے لوگوں کی توبہ قبول کرتا ہے اور اللہ بڑا دانا، حکمت والا ہے۔

17۔ تو بہ دو باتوں پر مشتمل ہے، ایک اپنے کیے پر نادم ہونا اور دوسرا عدم ارتکاب کا عہد کرنا یعنی توبہ،بیدارئ ضمیر اور تجدید عہد کا نام ہے۔ عَلَی اللّٰہِ سے مراد ہے کہ توبہ قبول کرنا اللہ کے ذمے ہے اور کسی نے اللہ کے ذمے نہیں لگایا بلکہ خود اللہ کا وعدہ ہے اور اللہ وعدہ خلافی نہیں کرتا۔ بِجَہَالَۃٍ یعنی گناہ نادانی میں سرزد ہوا ہو یا نہ جاننے کی وجہ سے یا شہوت کے غلبے سے یا غفلت کی وجہ سے ہو۔ یعنی یہ گناہ اللہ سے عناد کے ساتھ سرزد نہ ہوا ہو تو توبہ قبول ہے۔

مِنۡ قَرِیۡبٍ یعنی جہالت یا غفلت سے نکلتے ہی پشیمانی آ جائے تو توبہ قبول ہے۔ بعد والی آیت میں فرمایا ان لوگوں کی توبہ قبول نہیں ہے جو موت سامنے آنے پر توبہ کرتے ہیں: حَتّٰۤی اِذَا حَضَرَ اَحَدَہُمُ الۡمَوۡتُ قَالَ اِنِّیۡ تُبۡتُ الۡـٰٔنَ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان موت سامنے آنے سے پہلے جب بھی توبہ کرے، مورد قبول ہو سکتی ہے۔ جیسا کہ احادیث میں بھی وارد ہے۔

وَ لَیۡسَتِ التَّوۡبَۃُ لِلَّذِیۡنَ یَعۡمَلُوۡنَ السَّیِّاٰتِ ۚ حَتّٰۤی اِذَا حَضَرَ اَحَدَہُمُ الۡمَوۡتُ قَالَ اِنِّیۡ تُبۡتُ الۡـٰٔنَ وَ لَا الَّذِیۡنَ یَمُوۡتُوۡنَ وَ ہُمۡ کُفَّارٌ ؕ اُولٰٓئِکَ اَعۡتَدۡنَا لَہُمۡ عَذَابًا اَلِیۡمًا﴿۱۸﴾

۱۸۔ اور ایسے لوگوں کی توبہ (حقیقت میں توبہ ہی) نہیں جو برے کاموں کا ارتکاب کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ ان میں سے کسی کی موت کا وقت آ پہنچتا ہے تو وہ کہ اٹھتا ہے :اب میں نے توبہ کی اور نہ ہی ان لوگوں کی (توبہ قبول ہے ) جو مرتے دم تک کافر رہتے ہیں، ایسے لوگوں کے لیے ہم نے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے ۔

18۔ یہاں ندامت کا محرک ضمیر کی بیداری، احساس گناہ اور تجدید عہد کا عزم و ارادہ نہیں ہے کہ اللہ اس پر مہربانی فرمائے بلکہ یہاں ندامت کا محرک زندگی سے نا امیدی اور عذاب آخرت کا مشاہدہ ہے۔ لہٰذا دراصل یہ توبہ ہے ہی نہیں۔ یعنی رجوع اختیاری نہیں، بلکہ یہ ندامت اضطراری ہے۔

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَا یَحِلُّ لَکُمۡ اَنۡ تَرِثُوا النِّسَآءَ کَرۡہًا ؕ وَ لَا تَعۡضُلُوۡہُنَّ لِتَذۡہَبُوۡا بِبَعۡضِ مَاۤ اٰتَیۡتُمُوۡہُنَّ اِلَّاۤ اَنۡ یَّاۡتِیۡنَ بِفَاحِشَۃٍ مُّبَیِّنَۃٍ ۚ وَ عَاشِرُوۡہُنَّ بِالۡمَعۡرُوۡفِ ۚ فَاِنۡ کَرِہۡتُمُوۡہُنَّ فَعَسٰۤی اَنۡ تَکۡرَہُوۡا شَیۡئًا وَّ یَجۡعَلَ اللّٰہُ فِیۡہِ خَیۡرًا کَثِیۡرًا﴿۱۹﴾

۱۹۔ اے ایمان والو! تمہارے لیے جائز نہیں کہ تم اپنی عورتوں کے جبراً وارث بنو اور اس نیت سے انہیں قید نہ رکھو کہ تم نے جو کچھ انہیں دیا ہے اس میں سے کچھ حصہ واپس لے لو مگر یہ کہ وہ مبینہ بدکاری کی مرتکب ہوں اور ان کے ساتھ اچھے انداز میں زندگی بسر کرو، اگر وہ تمہیں ناپسند ہے تو ہو سکتا ہے کہ ایک چیز تمہیں تو ناپسند ہو مگر اللہ اس میں بہت سی خوبیاں پیدا کر دے۔

19۔ زمان جاہلیت میں سوتیلی اولاد باپ کے مرنے کی صورت میں باپ کی منکوحہ کے سر پر چادر ڈال کر اسے اپنی میراث بنا لیتی۔ ان عورتوں کو عقد ثانی کی اجازت بھی نہ تھی اور ان عورتوں کے ساتھ اس غرض سے زیادتی کی جاتی تھی کہ وہ پورا حق مہر یا اس کا کچھ حصہ واپس کر دیں۔ اسلام نے ان تمام غیر انسانی مراسم کو ختم کر کے عورت کو اس کی انسانی حیثیت واپس دلائی۔

وَ اِنۡ اَرَدۡتُّمُ اسۡتِبۡدَالَ زَوۡجٍ مَّکَانَ زَوۡجٍ ۙ وَّ اٰتَیۡتُمۡ اِحۡدٰہُنَّ قِنۡطَارًا فَلَا تَاۡخُذُوۡا مِنۡہُ شَیۡئًا ؕ اَتَاۡخُذُوۡنَہٗ بُہۡتَانًا وَّ اِثۡمًا مُّبِیۡنًا﴿۲۰﴾

۲۰۔ اور اگر تم لوگ ایک زوجہ کی جگہ دوسری زوجہ لینا چاہو اور ایک کو بہت سا مال بھی دے چکے ہو تو اس میں سے کچھ بھی واپس نہ لینا، کیا تم بہتان اور صریح گناہ کے ذریعے مال لینا چاہتے ہو؟