تِلۡکَ الۡقُرٰی نَقُصُّ عَلَیۡکَ مِنۡ اَنۡۢبَآئِہَا ۚ وَ لَقَدۡ جَآءَتۡہُمۡ رُسُلُہُمۡ بِالۡبَیِّنٰتِ ۚ فَمَا کَانُوۡا لِیُؤۡمِنُوۡا بِمَا کَذَّبُوۡا مِنۡ قَبۡلُ ؕ کَذٰلِکَ یَطۡبَعُ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوۡبِ الۡکٰفِرِیۡنَ﴿۱۰۱﴾

۱۰۱۔ یہ وہ بستیاں ہیں جن کے حالات ہم آپ کو سنا رہے ہیں اور ان کے پیغمبر واضح دلائل لے کر ان کے پاس آئے لیکن جس چیز کو وہ پہلے جھٹلا چکے تھے وہ اس پر ایمان لانے کے لیے آمادہ نہ تھے، اللہ اس طرح کافروں کے دلوں پر مہر لگا دیتا ہے۔

وَ مَا وَجَدۡنَا لِاَکۡثَرِہِمۡ مِّنۡ عَہۡدٍ ۚ وَ اِنۡ وَّجَدۡنَاۤ اَکۡثَرَہُمۡ لَفٰسِقِیۡنَ﴿۱۰۲﴾

۱۰۲۔اور ہم نے ان میں سے اکثر کو بدعہد پایا اور اکثر کو ان میں فاسق پایا۔

ثُمَّ بَعَثۡنَا مِنۡۢ بَعۡدِہِمۡ مُّوۡسٰی بِاٰیٰتِنَاۤ اِلٰی فِرۡعَوۡنَ وَ مَلَا۠ئِہٖ فَظَلَمُوۡا بِہَا ۚ فَانۡظُرۡ کَیۡفَ کَانَ عَاقِبَۃُ الۡمُفۡسِدِیۡنَ﴿۱۰۳﴾

۱۰۳۔پھر ان رسولوں کے بعد ہم نے موسیٰ کو اپنی نشانیوں کے ساتھ فرعون اور اس کے سرکردہ لوگوں کی طرف بھیجا تو انہوں نے ان نشانیوں (کے انکار) کے سبب (اپنے اوپر) ظلم کیا پھر دیکھ لو مفسدوں کا کیا انجام ہوا۔

103۔ موجودہ ترتیب کے مطابق یہ پہلا مکی سورہ ہے جس میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کا خصوصیت کے ساتھ ذکر ہوا ہے۔ قرآن مجید میں 130 مرتبہ سے زیادہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا ذکر آیا ہے۔ اس خصوصیت کے چند اسباب ہیں:

٭ قدیم انسانی تاریخ کے اہم ابواب حضرت ابراہیم علیہ السلام سے لے کر حضرت مسیح علیہ السلام تک کے زمانے میں رقم ہوئے۔ حق و باطل کا سب سے طولانی جہاد بنی اسرائیل کے دور میں ہوا اور اس صبر آزما جہاد کے میر کارواں حضرت موسیٰ علیہ السلام تھے۔ ٭ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے دور میں جہاں تمدن و ترقی کا ایک اہم مرحلہ طے ہوا تھا وہاں کفر و شرک نے بھی ایک مستحکم نظام بنا لیا تھا جو اَنَا رَبُّکُمُ الۡاَعۡلٰی ﴿۫﴾ کا دعویدار تھا۔ اس کے مقابلے میں توحید پرست لوگ مظلوم و محروم ہو گئے تھے۔ ٭ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا تعلق ایک محروم اور ضعیف طبقے سے تھا جس کو زندہ رہنے کا حق حاصل نہ تھا۔ ان کی نسل کشی ہوتی تھی۔ ایسے مظلوم طبقے کا ایک فرد اپنے زمانے کی بڑی طاقت کا مقابلہ کرتا ہے۔

رسول کریم صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کا تعلق بھی ایسے ہی خاندان سے تھا۔ لوگ آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کو عبد اللہ کا یتیم کہ کر پکارتے تھے۔ ٭حضرت موسیٰ علیہ السلام کو ایک جامع نظام حیات اور ایک کامل شریعت عنایت ہوئی، اور ایک عظیم امت کی تشکیل عمل میں آئی جس نے روئے زمین کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔ جیسا کہ رسول کریم صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کو ایک جامع نظام حیات اور ایک ابدی شریعت عنایت ہوئی اور ایک عظیم امت کی تشکیل عمل میں آئی، جس نے نہ صرف زمین کا نقشہ بدل دیا بلکہ انسانیت کو تہذیب و تمدن سکھایا اور تسخیر کائنات کا راستہ کھول دیا۔٭ انسانی تاریخ کے اس دور میں لکھے گئے اوراق میں ایسے اسباق ملتے ہیں جو آنے والی تمام توحیدی تحریکوں اور مظلوم قوموں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ بنی اسرائیل کو مختلف آزمائشوں سے گزارنے کے بعد اللہ نے امامت عظمیٰ کے منصب پر فائز کیا۔مگر بنی اسرائیل نے کس احساس ذمہ داری کا ثبوت دیا؟ انہیں تاریخ انبیاء علیہ السلام میں سب سے زیادہ معجزات دیے گئے۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنے پیغمبر کی آواز پر کہاں تک لبیک کہا؟ آخر میں ان سے امامت عظمیٰ کا منصب کیسے سلب ہوا؟ وغیرہ۔

فرعون: قدیم مصری اپنے رب اعلیٰ سورج کو رَّعُ کہتے تھے اور حکمرانوں کو رَّعُ کا مظہر سمجھتے تھے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جس فرعون کے گھر میں حضرت موسیٰ علیہ السلام نے پرورش پائی وہ رعمیس دوم تھا اور جس فرعون کی طرف حضرت موسیٰ علیہ السلام کو بھیجا گیا وہ رعمیس دوم کا بیٹا منفتاح تھا۔

وَ قَالَ مُوۡسٰی یٰفِرۡعَوۡنُ اِنِّیۡ رَسُوۡلٌ مِّنۡ رَّبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ﴿۱۰۴﴾ۙ

۱۰۴۔ اور موسیٰ نے کہا: اے فرعون! میں رب العالمین کا رسول ہوں۔

حَقِیۡقٌ عَلٰۤی اَنۡ لَّاۤ اَقُوۡلَ عَلَی اللّٰہِ اِلَّا الۡحَقَّ ؕ قَدۡ جِئۡتُکُمۡ بِبَیِّنَۃٍ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ فَاَرۡسِلۡ مَعِیَ بَنِیۡۤ اِسۡرَآءِیۡلَ﴿۱۰۵﴾ؕ

۱۰۵۔(مجھ پر) لازم ہے کہ میں اللہ کے بارے میں صرف حق بات کروں، میں تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے واضح دلیل لے کر آیا ہوں، لہٰذا تو بنی اسرائیل کو میرے ساتھ جانے دے۔

قَالَ اِنۡ کُنۡتَ جِئۡتَ بِاٰیَۃٍ فَاۡتِ بِہَاۤ اِنۡ کُنۡتَ مِنَ الصّٰدِقِیۡنَ﴿۱۰۶﴾

۱۰۶۔ فرعون نے کہا: اگر تم سچے ہو اور کوئی نشانی لے کر آئے ہو تو اسے پیش کرو۔

فَاَلۡقٰی عَصَاہُ فَاِذَا ہِیَ ثُعۡبَانٌ مُّبِیۡنٌ﴿۱۰۷﴾ۚۖ

۱۰۷۔ موسیٰ نے اپنا عصا پھینکا تو وہ دفعتاً سچ مچ کا ایک اژدھا بن گیا۔

وَّ نَزَعَ یَدَہٗ فَاِذَا ہِیَ بَیۡضَآءُ لِلنّٰظِرِیۡنَ﴿۱۰۸﴾٪

۱۰۸۔اور موسیٰ نے اپنا ہاتھ نکالا تو وہ ناظرین کے سامنے یکایک چمکنے لگا۔

قَالَ الۡمَلَاُ مِنۡ قَوۡمِ فِرۡعَوۡنَ اِنَّ ہٰذَا لَسٰحِرٌ عَلِیۡمٌ﴿۱۰۹﴾ۙ

۱۰۹۔قوم فرعون کے سرداروں نے کہا: یہ یقینا بڑا ماہر جادوگر ہے۔

یُّرِیۡدُ اَنۡ یُّخۡرِجَکُمۡ مِّنۡ اَرۡضِکُمۡ ۚ فَمَا ذَا تَاۡمُرُوۡنَ﴿۱۱۰﴾

۱۱۰۔ یہ تمہیں تمہاری سر زمین سے نکالنا چاہتا ہے، بتاؤ اب تمہاری کیا صلاح ہے؟