بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ

بنام خدائے رحمن رحیم

سورہ عادیات

مجمع البیان میں آیا ہے: یہ سورہ غزوہ ذات السلاسل کے بارے میں نازل ہوا، جس میں رسول صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم نے حضرت علی علیہ السلام کو روانہ فرمایا اور وہ فاتحانہ واپس آئے۔ قاموس قرآن میں آیا ہے: اس سورہ کی ابتدائی چند آیات کو جنگی ترانہ کہا جا سکتا ہے۔

وَ الۡعٰدِیٰتِ ضَبۡحًا ۙ﴿۱﴾

۱۔ قسم ہے ان (گھوڑوں) کی جو ہانپتے ہوئے دوڑتے ہیں،

وَ الۡعٰدِیٰتِ : عَدُو سے ہے، دوڑنے کو کہتے ہیں۔ ضبح دوڑتے وقت ہانپنے کو کہتے ہیں۔

فَالۡمُوۡرِیٰتِ قَدۡحًا ۙ﴿۲﴾

۲۔ پھر (اپنی) ٹھوکروں سے چنگاریاں اڑاتے ہیں،

الۡمُوۡرِیٰتِ : الایراء چنگاری اور قدح ٹکرانے کو کہتے ہیں۔

فَالۡمُغِیۡرٰتِ صُبۡحًا ۙ﴿۳﴾

۳۔ پھر صبح سویرے دھاوا بولتے ہیں،

فَاَثَرۡنَ بِہٖ نَقۡعًا ۙ﴿۴﴾

۴۔ پھر اس سے غبار اڑاتے ہیں،

النقع غبار کو کہتے ہیں۔ اَثَرۡنَ ، الاثارۃ اڑانے کو کہتے ہیں۔

فَوَسَطۡنَ بِہٖ جَمۡعًا ۙ﴿۵﴾

۵۔ پھر انبوہ (لشکر) میں گھس جاتے ہیں،

اِنَّ الۡاِنۡسَانَ لِرَبِّہٖ لَکَنُوۡدٌ ۚ﴿۶﴾

۶۔ یقینا انسان اپنے رب کا ناشکرا ہے۔

6۔ انسان کے ناشکرا ہونے کی ایک علامت اگلی آیت میں بیان فرمائی کہ وہ مال سے محبت میں بہت آگے نکل جاتا ہے۔ اس سے واضح ہوا راہ خدا میں مال خرچ نہ کرنا، نا شکری کی ایک نمایاں علامت ہے۔

وَ اِنَّہٗ عَلٰی ذٰلِکَ لَشَہِیۡدٌ ۚ﴿۷﴾

۷۔اور وہ خود اس پر گواہ ہے۔

7۔ انسان اپنے آپ کو بہتر جانتا ہے۔ چنانچہ اس کا ضمیر اس کے اعمال کا شاہد عادل ہے۔

وَ اِنَّہٗ لِحُبِّ الۡخَیۡرِ لَشَدِیۡدٌ ؕ﴿۸﴾

۸۔ اور وہ مال کی محبت میں سخت ہے۔

حُبِّ الۡخَیۡرِ : یہاں خیر مال کو کہا ہے کہ یہ مال بنیادی طور پر خیر ہے، اگر مال کی محبت انسان پر حاکم نہ ہو۔ مال کی محبت انسان کے انتہائی شعور میں بیٹھی ہوتی ہے۔ حضرت علی علیہ السلام سے روایت ہے: یَنَامُ الرَّجُلُ عَلَی الثُّکْلِ وَ لَا یَنَامُ عَلَی الْحَرَبِ ۔ (نہج البلاغۃ نصیحت 307 ص 529) اولاد کے مرنے پر انسان کو نیند آ جاتی ہے، لیکن مال چھن جانے پر نیند نہیں آتی۔

اَفَلَا یَعۡلَمُ اِذَا بُعۡثِرَ مَا فِی الۡقُبُوۡرِ ۙ﴿۹﴾

۹۔ کیا اسے (وہ وقت) معلوم نہیں جب اٹھائے جائیں گے وہ جو قبروں میں ہیں؟

وَ حُصِّلَ مَا فِی الصُّدُوۡرِ ﴿ۙ۱۰﴾

۱۰۔ اور جو کچھ دلوں میں ہے اسے ظاہر کر دیا جائے گا؟

اِنَّ رَبَّہُمۡ بِہِمۡ یَوۡمَئِذٍ لَّخَبِیۡرٌ ٪﴿۱۱﴾

۱۱۔ ان کا رب یقینا اس روز ان کے حال سے خوب باخبر ہو گا۔