لَوۡ اَنۡزَلۡنَا ہٰذَا الۡقُرۡاٰنَ عَلٰی جَبَلٍ لَّرَاَیۡتَہٗ خَاشِعًا مُّتَصَدِّعًا مِّنۡ خَشۡیَۃِ اللّٰہِ ؕ وَ تِلۡکَ الۡاَمۡثَالُ نَضۡرِبُہَا لِلنَّاسِ لَعَلَّہُمۡ یَتَفَکَّرُوۡنَ﴿۲۱﴾

۲۱۔ اگر ہم اس قرآن کو کسی پہاڑ پر نازل کرتے تو آپ اسے اللہ کے خوف سے جھک کر پاش پاش ہوتا ضرور دیکھتے اور ہم یہ مثالیں لوگوں کے لیے اس لیے بیان کرتے ہیں کہ شاید وہ فکر کریں۔

21۔ پہاڑوں کو اگر اس قرآن کے نازل کرنے والی ذات کی عظمت و کبریائی کا ادراک ہوتا تو وہ احکام قرآن کے تحمل سے عاجز آ جاتے اور خوف خدا سے پاش پاش ہو جاتے، مگر یہ انسان ہے جو عظمت خالق اور خوف قیامت سے غافل ہے۔

ہُوَ اللّٰہُ الَّذِیۡ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۚ عٰلِمُ الۡغَیۡبِ وَ الشَّہَادَۃِ ۚ ہُوَ الرَّحۡمٰنُ الرَّحِیۡمُ﴿۲۲﴾

۲۲۔ وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ غیب و شہود کا جاننے والا ہے، وہی رحمن رحیم ہے۔

ہُوَ اللّٰہُ الَّذِیۡ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۚ اَلۡمَلِکُ الۡقُدُّوۡسُ السَّلٰمُ الۡمُؤۡمِنُ الۡمُہَیۡمِنُ الۡعَزِیۡزُ الۡجَبَّارُ الۡمُتَکَبِّرُ ؕ سُبۡحٰنَ اللّٰہِ عَمَّا یُشۡرِکُوۡنَ﴿۲۳﴾

۲۳۔ وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں وہی بادشاہ ہے، نہایت پاکیزہ، سلامتی دینے والا، امان دینے والا، نگہبان، بڑا غالب آنے والا، بڑی طاقت والا، کبریائی کا مالک، پاک ہے اللہ اس شرک سے جو یہ لوگ کرتے ہیں۔

23۔ اَلۡمَلِکُ : یہ قرآن اس ذات کی طرف سے نازل ہوا ہے جس کے قبضہ قدرت میں سارے جہاں کی بادشاہی ہے۔ الۡقُدُّوۡسُ :جو تمام نقائص سے پاک ہے۔ السَّلٰمُ : جس کی ذات اپنی مخلوقات کو سلامتی دینے والی ہے۔ وہ نہ ان پر ظلم کرے گا، نہ وعدہ خلافی اور نہ ان کا اجر و ثواب ضائع کرے گا۔ الۡمُؤۡمِنُ : امن دینے والا، یعنی ایمان والوں کو اللہ کے قرب میں ہی امن و سکون ملتا ہے۔ الۡمُہَیۡمِنُ جس کو ہر چیز پر بالادستی حاصل ہے۔ الۡعَزِیۡزُ : جو ہر چیز پر غالب آنے والا ہے۔ الْجَبَّارُ اپنا حکم نافذ کرنے والا۔ الۡمُتَکَبِّرُ اپنی کبریائی اور عظمت کا اظہار کرنے والا ہے۔

ہُوَ اللّٰہُ الۡخَالِقُ الۡبَارِئُ الۡمُصَوِّرُ لَہُ الۡاَسۡمَآءُ الۡحُسۡنٰی ؕ یُسَبِّحُ لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۚ وَ ہُوَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ﴿٪۲۴﴾

۲۴۔ وہی اللہ ہی خالق، موجد اور صورتگر ہے جس کے لیے حسین ترین نام ہیں، جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے سب اس کی تسبیح کرتے ہیں اور وہ بڑا غالب آنے والا، حکمت والا ہے۔