آیت 21
 

لَوۡ اَنۡزَلۡنَا ہٰذَا الۡقُرۡاٰنَ عَلٰی جَبَلٍ لَّرَاَیۡتَہٗ خَاشِعًا مُّتَصَدِّعًا مِّنۡ خَشۡیَۃِ اللّٰہِ ؕ وَ تِلۡکَ الۡاَمۡثَالُ نَضۡرِبُہَا لِلنَّاسِ لَعَلَّہُمۡ یَتَفَکَّرُوۡنَ﴿۲۱﴾

۲۱۔ اگر ہم اس قرآن کو کسی پہاڑ پر نازل کرتے تو آپ اسے اللہ کے خوف سے جھک کر پاش پاش ہوتا ضرور دیکھتے اور ہم یہ مثالیں لوگوں کے لیے اس لیے بیان کرتے ہیں کہ شاید وہ فکر کریں۔

تفسیر آیات

۱۔ لَوۡ اَنۡزَلۡنَا ہٰذَا الۡقُرۡاٰنَ عَلٰی جَبَلٍ: اگر ہم پہاڑ کو قرآن کا مخاطب قرار دے کر اس پر قرآنی تعلیمات کی ذمہ داری ڈال دیتے تو یہ پہاڑ اپنی مضبوطی اور محکم جسامت کے باوجود اس عظیم ذمہ داری کو اٹھانے سے گھبرا جاتا۔ جیسا کہ پہاڑوں کو بار امانت اٹھانے کی جب پیشکش ہوئی تو انہوں نے اسے اٹھانے سے انکار کیا تھا جس کا ذکر سورہ احزاب میں تفصیل سے ہوا ہے۔ انکار اسی لیے کیا تھا کہ وہ اس بار امانت کے متحمل نہیں تھے۔

۲۔ لَّرَاَیۡتَہٗ خَاشِعًا: اس پہاڑ کو آپ حالت خشوع میں پاتے۔ یہ پہاڑ اپنی بلند جسامت کے ساتھ جھک جاتا۔ مُّتَصَدِّعًا پاش پاش ہو جاتا اور زمین بوس ہو جاتا۔

۳۔ مِّنۡ خَشۡیَۃِ اللّٰہِ: اس امانت کی جوابدہی کے خوف کی وجہ سے پہاڑ کی یہ حالت ہوتی مگر یہ انسان ہے جس پر ان قرآنی تعلیمات کا کوئی اثر نہیں ہے۔

چنانچہ سورہ بقرہ آیت ۷۴ میں فرمایا:

ثُمَّ قَسَتۡ قُلُوۡبُکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ ذٰلِکَ فَہِیَ کَالۡحِجَارَۃِ اَوۡ اَشَدُّ قَسۡوَۃً ؕ وَ اِنَّ مِنَ الۡحِجَارَۃِ لَمَا یَتَفَجَّرُ مِنۡہُ الۡاَنۡہٰرُ ؕ وَ اِنَّ مِنۡہَا لَمَا یَشَّقَّقُ فَیَخۡرُجُ مِنۡہُ الۡمَآءُ ؕ وَ اِنَّ مِنۡہَا لَمَا یَہۡبِطُ مِنۡ خَشۡیَۃِ اللّٰہِ۔۔۔

پھر اس کے بعد بھی تمہارے دل سخت رہے، پس وہ پتھر کی مانند بلکہ اس سے بھی زیادہ سخت ہو گئے، کیونکہ پتھروں میں سے کوئی تو ایسا ہوتا ہے جس سے نہریں پھوٹتی ہیں اور کوئی ایسا ہے کہ جس میں شگاف پڑجاتا ہے تو اس سے پانی بہ نکلتا ہے اور ان میں کوئی ایسا بھی ہے جو ہیبت الٰہی سے نیچے گر پڑتا ہے۔

۴۔ وَ تِلۡکَ الۡاَمۡثَالُ: یہ تمثیلی بات ہے کہ ایک فکری اور عقلی بات پہاڑ جیسے محسوس کی شکل کی مثال میں سمجھائی جائے چونکہ اکثر لوگ محسوس چیزوں کو ہی سمجھ سکتے ہیں۔

۵۔ لَعَلَّہُمۡ یَتَفَکَّرُوۡنَ: تاکہ وہ محسوسات کے ذریعے قرآنی تعلیمات میں فکر کریں۔

اہم نکات

۱۔ انسانی قلب جب شقاوت کی منزل میں آتا ہے تو پتھر سے بھی زیادہ سخت ہو جاتا ہے۔


آیت 21