ہُوَ اللّٰہُ الَّذِیۡ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۚ اَلۡمَلِکُ الۡقُدُّوۡسُ السَّلٰمُ الۡمُؤۡمِنُ الۡمُہَیۡمِنُ الۡعَزِیۡزُ الۡجَبَّارُ الۡمُتَکَبِّرُ ؕ سُبۡحٰنَ اللّٰہِ عَمَّا یُشۡرِکُوۡنَ﴿۲۳﴾

۲۳۔ وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں وہی بادشاہ ہے، نہایت پاکیزہ، سلامتی دینے والا، امان دینے والا، نگہبان، بڑا غالب آنے والا، بڑی طاقت والا، کبریائی کا مالک، پاک ہے اللہ اس شرک سے جو یہ لوگ کرتے ہیں۔

23۔ اَلۡمَلِکُ : یہ قرآن اس ذات کی طرف سے نازل ہوا ہے جس کے قبضہ قدرت میں سارے جہاں کی بادشاہی ہے۔ الۡقُدُّوۡسُ :جو تمام نقائص سے پاک ہے۔ السَّلٰمُ : جس کی ذات اپنی مخلوقات کو سلامتی دینے والی ہے۔ وہ نہ ان پر ظلم کرے گا، نہ وعدہ خلافی اور نہ ان کا اجر و ثواب ضائع کرے گا۔ الۡمُؤۡمِنُ : امن دینے والا، یعنی ایمان والوں کو اللہ کے قرب میں ہی امن و سکون ملتا ہے۔ الۡمُہَیۡمِنُ جس کو ہر چیز پر بالادستی حاصل ہے۔ الۡعَزِیۡزُ : جو ہر چیز پر غالب آنے والا ہے۔ الْجَبَّارُ اپنا حکم نافذ کرنے والا۔ الۡمُتَکَبِّرُ اپنی کبریائی اور عظمت کا اظہار کرنے والا ہے۔