باب 8

میم ساکن کے احکام

میم ساکن کے تین احکام ہیں

1۔ ادغام2۔اخفاء3۔ اظہار

1۔ ادغام

اگر میم ساکن کے بعد میم آجائے تو پہلی میم کو دوسری میم میں ملا دیں گے۔ اسے ادغام شفوی کہتے ہیں۔

2۔ اخفاء

اگر میم ساکن کے بعد حرف ’’ب‘‘ آجائے تو میم کو اپنے مخرج میں چھپا کر پڑھیں گے اسے اخفاء شفوی کہتے ہیں۔

3۔ اظہار

اگر میم ساکن کے بعد ’’م‘‘ اور ’’ب‘‘ کے علاوہ کوئی بھی حرف آجائے تو اسے ظاہر کرکے پڑھیں گے۔ اس کو اظہار شفوی کہتے ہیں۔

مد کے احکام

مد کے معنی ہیں کھینچنا۔

بنیادی طور پر مد کی دو اقسام ہیں۔

مد اصلی اور مد فرعی

1۔ مد اصلی

اگر حروف مدہ کے بعد مد کا کوئی اور سبب موجود نہ ہو تو مد اصلی کہلاتی ہے اس کی مقدار دو حرکت کے برابر ہوتی ہے جیسے نُوْحِیْھٰا ۔

2۔ مد فرعی

2۔ مد فرعی اگر حروف مدہ کے بعد مد کا کوئی اور بھی سبب موجود ہو تو مد فرعی کہلاتی ہے۔

اسباب مد تین ہیں1۔ ہمزہ2۔ سکون3۔ تشدید

1۔ ہمزہ ہمزہ دو قسم کی مد کے لیے سبب بنتاہے۔ 1۔ مد متصل 2۔ مد منفصل

1۔ مد متصل

حروف مدہ کے بعد ایک ایسا ہمزہ آجائے جو اسی کلمے کا جزء ہو تو مد متصل ہوگی، جیسے مَاشَآء اللّٰہُ

2۔ مد منفصل

حروف مدہ کے بعد ایک ایسا ہمزہ آجائے جو دوسرے کلمے کا جزء ہو تو مد منفصل ہوگی، جیسے بِمَآ اُنْزِلَ