باب 4

مخارج 2

لسان

لسان (زبان) کے کل دس مخارج ہیں۔ اور ان سے اٹھارہ حروف ادا ہوتے ہیں۔

مخرج4: زبان کی جڑ اور لہات یعنی کوّے سے متصل مقابل کا نرم تالو سے ’’ق‘‘ ادا ہوتا ہے۔

مخرج5۔ زبان کی جڑ اور لہات یعنی کوے سے متصل سخت تالو سے ’’ک‘‘ ادا ہوتا ہے۔

نوٹ: ان دو حروف کو حروف لہاتیہ کہتے ہیں۔

مخرج 6۔ زبان کی طرف (کنارہ) جب اوپر والی داڑھوں سے ملائیں تو ’’ض‘‘ ادا ہوتا ہے۔ چاہے زبان کو دائیں طرف لگائیں یا بائیں طرف، دونوں طرف درست ہے لیکن بائیں طرف سے زیادہ آسان ہے۔

نوٹ: اس حرف کو حرف حافیہ کہتے ہیں۔

مخرج 7۔ وسط زبان اور وسط تالو سے تین حروف ’’ج‘‘ ’’ش‘‘ اور ’’ی‘‘ ادا ہوتے ہیں۔

نوٹ: ان تین حروف کو حروف شجریہ کہتے ہیں۔

مخرج 8۔ طرفِ زبان ثنایا سے ضواحک تک مقابل کے تالو سے ’’ل‘‘ ادا ہوتا ہے۔

مخرج 9۔ طرفِ زبان ثنایا سے انیاب تک مقابل کے تالو سے ’’ن‘‘ ادا ہوتا ہے۔

مخرج 10۔ طرفِ زبان مائل بہ پشت مقابل کے تالو سے ’’ر‘‘ ادا ہوتا ہے۔

نوٹ: ان تین حروف کو حروف طرفیہ کہتے ہیں۔

مخرج 11۔ نوکِ زبان جب ثنایا علیاء کی جڑ سے ملائیں تو یہاں سے تین حروف ’’ت‘‘ ’’د‘‘ اور ’’ط‘‘ ادا ہوتے ہیں۔

نوٹ: ان تین حروف کو حروف نطعیہ کہتے ہیں۔

مخرج12۔ نوکِ زبان جب ثنایا علیا ء کے کنارے سے ملائیں تو یہاں سے تین حروف ’’ث‘‘ ’’ذ‘‘ اور ’’ظ‘‘ ادا ہوتے ہیں۔

نوٹ: ان تین حروف کو حروف لثویہ کہتے ہیں۔

مخرج 13۔ نوکِ زبان جب ثنایا سفلیٰ کے کنارے مع اتصال ثنایا علیاء سے ملائیں تو یہاں سے تین حروف ’’ز‘‘ ’’س‘‘ اور ’’ص‘‘ ادا ہوتے ہیں۔

نوٹ: ان تین حروف کو حروف صفیریہ کہتے ہیں۔