آیت 1
 

بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ

سورۃ محمد

اس سورۃ المبارکۃ نام آیت وَ اٰمَنُوۡا بِمَا نُزِّلَ عَلٰی مُحَمَّدٍ۔۔۔۔ سے ماخوذ ہے۔

یہ سورہ مدینہ میں نازل ہوئی جس میں پہلی بار قتال کا حکم نازل ہوا ہے اور ساتھ انفاق پر بھی زور دیا گیا ہے اور منافقین کا بھی ذکر ہے۔ اس سورہ کے مضامین اچھے اور برے لوگوں کے تقابل پر مشتمل ہیں۔

حضرت امیر المؤمنین علی علیہ السلام سے روایت ہے:

سورۃ محمد ایۃ فینا وایۃ فی بنی امیۃ۔ ( شواھد النتزیل ۲: ۲۴۰۔ روح المعانی ۱۳: ۱۹۳۔ الدر المنثور ۶:۱۱۶)

سورہ محمد میں ایک آیت ہمارے بارے میں ہے اور ایک آیت بنی امیہ کے بارے میں ہے۔

حضرت امام حسین علیہ السلام سے بھی روایت ہے کہ اس سورہ کی پہلی آیت تلاوت فرما کر فرمایا:

نزلت فینا و فی بنی امیۃ۔ ( شواھد النتزیل ۲: ۲۴۱)

یہ سورۃ ہمارے اور بنی امیہ کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت ہے آپ نے فرمایا:

من اراد ان یعرف حالنا وحال اعدئنا فلیقراً سورۃ محمد فانہ یراھا فینا و آیۃ فی اعدئنا۔ ( مجمع البیان )

جو ہمارا اور ہمارے دشمنوں کا حال معلوم کرنا چاہتا ہے تو اسے سورہ محمد کی تلاوت کرنی چاہیے۔ وہ اس کی ایک آیت ہماری شان میں اور ایک آیت ہمارے دشمنوں کے بارے میں پائے گا۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا وَ صَدُّوۡا عَنۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ اَضَلَّ اَعۡمَالَہُمۡ﴿۱﴾

۱۔ جنہوں نے کفر اختیار کیا اور راہ خدا میں رکاوٹ ڈالی اللہ نے ان کے اعمال حبط کر دیے۔

تفسیر آیات

۱۔ اَلَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا: جب لوگوں نے توحید، رسالت اور معاد کا انکار کیا۔

۲۔ وَ صَدُّوۡا عَنۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ: صرف انکار پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ایمان لانے والوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں۔

واضح رہے کہ اسلام کا موقف یہ ہے کہ اسلام پیش کیا جائے۔ اگر کوئی قبول نہیں کرتا ہے تو اس پر ایمان لانے کے لیے کسی قسم کا جبر نہیں ہو گا، نہ اس کے خلاف کوئی طاقت استعمال کی جائے گی لیکن جب کفار ایمان نہ لانے پر اکتفا نہ کریں اور وَ صَدُّوۡا عَنۡ سَبِیۡلِ اللّٰہِ ایمان لانے والوں کے خلاف طاقت استعمال کریں تو اس صورت میں اسلام اس طاقت کے مقابلے میں طاقت استعمال کرتا ہے۔ رسول اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تمام جنگیں اسی قسم کی تھیں۔

۳۔ اَضَلَّ اَعۡمَالَہُمۡ: اللہ نے ان کی یہ ساری کوششیں ناکارہ بنا دیں۔ اسلام کے خلاف کافروں نے جو بھی قدم اٹھایا وہ سب بے نتیجہ رہے۔ ان کی تمام سازشیں ناکام رہ گئیں اور ان لوگوں نے اسلام کے سامنے رکاوٹ ڈالنے کے لیے جو اموال خرچ کیے، جو قربانیاں دیں سب کی سب بے نتیجہ رہ گئیں۔


آیت 1