آیت 61
 

وَ مَا تَکُوۡنُ فِیۡ شَاۡنٍ وَّ مَا تَتۡلُوۡا مِنۡہُ مِنۡ قُرۡاٰنٍ وَّ لَا تَعۡمَلُوۡنَ مِنۡ عَمَلٍ اِلَّا کُنَّا عَلَیۡکُمۡ شُہُوۡدًا اِذۡ تُفِیۡضُوۡنَ فِیۡہِ ؕ وَ مَا یَعۡزُبُ عَنۡ رَّبِّکَ مِنۡ مِّثۡقَالِ ذَرَّۃٍ فِی الۡاَرۡضِ وَ لَا فِی السَّمَآءِ وَ لَاۤ اَصۡغَرَ مِنۡ ذٰلِکَ وَ لَاۤ اَکۡبَرَ اِلَّا فِیۡ کِتٰبٍ مُّبِیۡنٍ﴿۶۱﴾

۶۱۔ اور (اے نبی) آپ جس حال میں ہوتے ہیں اور آپ قرآن میں سے اللہ کی طرف سے جو تلاوت کر رہے ہوتے ہیں اور تم لوگ جو عمل بھی کرتے ہو دوران مصروفیت ہم تم پر ناظر ہیں اور زمین اور آسمان کی ذرہ برابر اور اس سے چھوٹی یا بڑی کوئی چیز ایسی نہیں جو آپ کے رب سے پوشیدہ ہو اور روشن کتاب میں درج نہ ہو۔

تشریح کلمات

تُفِیۡضُوۡنَ:

( ف ی ض ) کہتے ہیں افاضوا فی الحدیث ۔ باتوں میں مشغول ہو جانا اور چرچا کرنا۔

یَعۡزُبُ:

( غ ز ب ) العازب ۔ دور نکل جانا۔ پوشیدہ ہو جانا۔

تفسیر آیات

منکرین اور مکذبین کی سرزنش کے بعد نہایت جامع الفاظ میں حضورؐ کے لیے اطمینان خاطر اور منکرین کے لیے تنبیہ اور دھمکی پر مشتمل ایک ساتھ چند نکات بیان فرمائے ہیں :

۱۔ وَ مَا تَکُوۡنُ فِیۡ شَاۡنٍ: رسالتمآب صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کے اطمینان خاطر کے لیے فرمایا: آپ (ص) تبلیغ و ارشاد کے سلسلے میں جس پر مشقت حالت میں ہیں اور اعلائے کلمۂ حق کے لیے جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ، جس انہماک سے لوگوں کو ہدایت کا سامان فراہم کر رہے ہیں ، خصو صاً جس ترتیل و لہجے میں آیات قرآنی کی تلاوت کر رہے ہیں ، اللہ ان تمام حالات کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ یہ سب اللہ کے حضور میں انجام پا رہے ہیں۔ اللہ ان تمام امور کی نگرانی فرما رہا ہے۔

۲۔ وَّ لَا تَعۡمَلُوۡنَ مِنۡ عَمَلٍ: اس کے بعد رخ خطاب پوری امت کی طرف ہو گیا اور فرمایا: تم لوگ بھی جو عمل خیر یا بد انجام دیتے ہو، وہ سب اللہ کے سامنے انجام پا رہا ہوتا ہے۔ اس کائنات میں رونما ہونے ولا کوئی بھی چھوٹا بڑا عمل ایسا نہیں ہے جو اللہ سے پوشیدہ ہو۔ نہ کسی کا عمل خیر ضائع جائے گا، نہ کوئی مجرم سزا سے بچ سکے گا۔

۳۔ اِلَّا فِیۡ کِتٰبٍ مُّبِیۡنٍ: یہ سب کتاب مبین میں درج ہے۔ کتاب مبین کی تشریح کے لیے ملاحظہ ہو: الانعام آیت۵۹۔

اہم نکات

۱۔ مالک اگر دیکھ رہا ہو تو انعام پانے والے کے لیے اطمینان اور سزا پانے والے کے لیے اضطراب میں اضافہ ہوتا ہے: کُنَّا عَلَیۡکُمۡ شُہُوۡدًا ۔۔۔

۲۔ کائنات میں ذرہ سے بھی چھوٹی چیز موجود ہے: وَ لَاۤ اَصۡغَرَ مِنۡ ذٰلِکَ ۔۔۔۔


آیت 61