آیت 1
 

بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ

سورۃ الحدید

اس سورۃ مبارکہ کا نام آیت وَ اَنۡزَلۡنَا الۡحَدِیۡدَ۔۔۔۔ (۲۵) سے ماخوذ ہے۔ یہ سورۃ مدنی ہے۔ آیات کی تعداد کوفی قرائت کے مطابق انتیس (۲۹) اور دوسری قرائتوں کے مطابق اٹھائیس (۲۸) ہے۔

ظاہراً یہ سورۃ مدینہ میں اسلامی معاشرہ کی تشکیل کی ابتداء میں نازل ہوئی ہو گی جہاں مٹھی بھر مسلمان ہر طرف سے مشرکین کے نرغے میں تھے۔ اسلامی تعلیمات کے ساتھ ایسے حالات میں جانی و مالی قربانی کی زیادہ ضرورت پیش آ رہی تھی جس کی وجہ سے اس سورۃ میں راہ خدا میں مال خرچ کرنے پر زور دیا گیا ہے اور بخل کی مذمت کی گئی ہے۔

سورۃ مسبحات : واضح رہے سورہ ہائے حدید، حشر، صف ، جمعۃ اور تغابن کو مسبحات کہا جاتا ہے چونکہ ان تمام سورتوں کی ابتداء سبح یا یسبح سے ہوتی ہے۔

حضرت امام زین العابدین علیہ السلام سے روایت ہے۔ توحید کے بارے میں سوال ہوا تو فرمایا:

اِنَّ اللّٰہَ عَزَّ وَّ جَلَّ عَلِمَ اَنَّہُ یَکُونُ فِی آخِرِ الزَّمَانِ اَقْوَامٌ مُتَعَمِّقُونَ فَاَنْزَلَ اللّٰہُ تَعَالیٰ قُلۡ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ وَ الْآیَاتِ مِنْ سُورَۃِ الْحَدِیدِ اِلَی قَوْلِہِ وَ ہُوَ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ فَمَنْ رَامَ وَرَائَ ذَلِکَ فَقَدْ ھَلَکَ۔ (الکافی ۱: ۹۱)

اللہ عز و جل کو علم تھا کہ آخر الزمان میں ایسے لوگ ہوں گے جو گہرائی میں جائیں گے تو اللہ تعالیٰ نے قُلۡ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ اور سورہ حدید کی آیات وَ ہُوَ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ تک نازل فرمائیں۔ پس جو اس سے آگے جائے گا وہ ہلاک ہو جائے گا۔

یعنی جو اللہ نے بتایا ہے اس سے زیادہ گہرائی میں جائے گا تو وہ ہلاک ہو جائے گا۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سَبَّحَ لِلّٰہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۚ وَ ہُوَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ﴿۱﴾

۱۔ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے سب اللہ کی تسبیح کرتے ہیں اور وہی بڑا غالب آنے والا، حکمت والا ہے۔

تفسیر آیات

کل موجوادت کی طرف سے اللہ تعالیٰ کی تسبیح کا ذکر قرآن مجید میں متعدد مقامات میں آیا ہے۔ سورہ نور آیت ۴۱ میں فرمایا:

کُلٌّ قَدۡ عَلِمَ صَلَاتَہٗ وَ تَسۡبِیۡحَہٗ۔۔۔۔

ان میں سے ہر ایک کو اپنی نماز اور تسبیح کا علم ہے۔

تمام موجودات میں سے ہر ایک کو اپنی نماز اور تسبیح کا علم ہے کہ کس طرح انجام دینا ہے۔ سورہ بنی اسرائیل آیت ۴۴ میں فرمایا:

وَ اِنۡ مِّنۡ شَیۡءٍ اِلَّا یُسَبِّحُ بِحَمۡدِہٖ وَ لٰکِنۡ لَّا تَفۡقَہُوۡنَ تَسۡبِیۡحَہُمۡ۔۔۔۔

اور کوئی چیز ایسی نہیں جو اس کی ثنا میں تسبیح نہ کرتی ہو لیکن تم ان کی تسبیح کو سمجھتے نہیں ہو۔


آیت 1