قرآن،وحدانیت کا ثبوت


فَاِلَّمۡ یَسۡتَجِیۡبُوۡا لَکُمۡ فَاعۡلَمُوۡۤا اَنَّمَاۤ اُنۡزِلَ بِعِلۡمِ اللّٰہِ وَ اَنۡ لَّاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۚ فَہَلۡ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ﴿۱۴﴾

۱۴۔ پھر اگر وہ تمہاری مدد کو نہ پہنچیں تو جان لو کہ یہ اللہ کے علم سے نازل ہوا ہے اور یہ کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، کیا تم اس بات کو تسلیم کرنے والے ہو؟

14۔ اس چیلنج میں اللہ کی وحدانیت کا ثبوت بھی فراہم ہے کہ اگر تمہارے خداؤں کا بھرپور مخالف اور توحید کا علمبردار یہ قرآن محمد ﷺ کا اپنا خود ساختہ ہے تو اپنے خداؤں کو مدد کے لیے بلاؤ۔ اگر ان کو خدائی میں کوئی دخل ہے تو وہ تم میں ایسی صلاحیت پیدا کر دیں گے کہ تم اس قرآن کا مقابلہ کر سکو۔ اگر ایسا نہ کیا تو یہ بات ثابت ہو جاتی ہے: ٭قرآن اللہ کا کلام ہے۔ ٭ تمہارے معبود سب خود ساختہ ہیں ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ٭ قرآن ہر مؤقف کے لیے دلیل پیش کرتا ہے۔