وَ اِذَاۤ اَنۡعَمۡنَا عَلَی الۡاِنۡسَانِ اَعۡرَضَ وَ نَاٰ بِجَانِبِہٖ ۚ وَ اِذَا مَسَّہُ الشَّرُّ فَذُوۡ دُعَآءٍ عَرِیۡضٍ﴿۵۱﴾

۵۱۔ اور جب ہم انسان کو نعمت سے نوازتے ہیں تو وہ منہ پھیرتا اور اکڑ جاتا ہے اور جب اسے تکلیف پہنچتی ہے تو وہ لمبی دعائیں کرنے لگتا ہے۔

قُلۡ اَرَءَیۡتُمۡ اِنۡ کَانَ مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ ثُمَّ کَفَرۡتُمۡ بِہٖ مَنۡ اَضَلُّ مِمَّنۡ ہُوَ فِیۡ شِقَاقٍۭ بَعِیۡدٍ﴿۵۲﴾

۵۲۔ کہدیجئے: مجھے بتاؤ کہ اگر (یہ قرآن) اللہ کی طرف سے ہو، پھر تم اس سے انکار کرو تو اس شخص سے بڑھ کر گمراہ اور کون ہو گا جو اس (کی مخالفت) میں دور تک نکل گیا ہو؟

سَنُرِیۡہِمۡ اٰیٰتِنَا فِی الۡاٰفَاقِ وَ فِیۡۤ اَنۡفُسِہِمۡ حَتّٰی یَتَبَیَّنَ لَہُمۡ اَنَّہُ الۡحَقُّ ؕ اَوَ لَمۡ یَکۡفِ بِرَبِّکَ اَنَّہٗ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ شَہِیۡدٌ﴿۵۳﴾

۵۳۔ ہم عنقریب انہیں اپنی نشانیاں آفاق عالم میں بھی دکھائیں گے اور خود ان کی ذات میں بھی یہاں تک کہ ان پر واضح ہو جائے کہ یقینا وہی (اللہ) حق ہے، کیا آپ کے رب کا یہ وصف کافی نہیں ہے کہ وہ ہر چیز پر خوب شاہد ہے؟

53۔ آفاق سے فتوحات اور انفس سے خود مشرکین کی سرنگونی کو مراد لیا جاتا ہے۔ یہ سوال کہ فتوحات حق کی دلیل نہیں ہے، باطل طاقتیں بھی فتوحات کر لیتی ہیں، درست نہیں ہے۔ کیونکہ یہاں صرف فتوحات دلیل نہیں ہیں، بلکہ ان فتوحات کا قرآن کی پیشگوئی کے مطابق حاصل ہونا دلیل ہے۔ قرآن ان فتوحات کی مکی زندگی میں اس وقت خبر دے رہا ہے، جب وہاں ان فتوحات کے کوئی امکانات نظر نہیں آ رہے تھے۔

دوسری تفسیر یہ ہے: آفاق سے کائنات میں موجود نشانیاں اور انفس سے خود انسان کے وجود کے اندر موجود آیات کو مراد لیا گیا ہے۔ چنانچہ علمی ترقی کے ساتھ ساتھ آفاق و انفس میں پنہاں راز ہائے قدرت سے روز بروز پردے اٹھتے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ حق کے نکل کر سامنے آنے تک جاری رہے گا۔

پہلی تفسیر کے مطابق اَنَّہُ الۡحَقُّ سے قرآن مراد ہے۔ دوسری تفسیر کے مطابق اَنَّہُ قرآن بھی ہو سکتا ہے اور اللہ بھی۔

اَلَاۤ اِنَّہُمۡ فِیۡ مِرۡیَۃٍ مِّنۡ لِّقَآءِ رَبِّہِمۡ ؕ اَلَاۤ اِنَّہٗ بِکُلِّ شَیۡءٍ مُّحِیۡطٌ﴿٪۵۴﴾

۵۴۔ آگاہ رہو! بے شک یہ لوگ اپنے رب کی ملاقات کے بارے میں شک میں ہیں، آگاہ رہو! یقینا وہ ہر چیز کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔

54۔ اللہ سے فرار کا راستہ نہیں ہے، کیونکہ کل کائنات اللہ تعالیٰ کے حصار کے احاطے کے اندر ہے۔ لہٰذا ہر مکلف کو ہر صورت میں اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہونا ہے۔