آیت 22
 

ہُوَ اللّٰہُ الَّذِیۡ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۚ عٰلِمُ الۡغَیۡبِ وَ الشَّہَادَۃِ ۚ ہُوَ الرَّحۡمٰنُ الرَّحِیۡمُ﴿۲۲﴾

۲۲۔ وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ غیب و شہود کا جاننے والا ہے، وہی رحمن رحیم ہے۔

تفسیر آیات

۱۔ ہُوَ اللّٰہُ الَّذِیۡ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ: اللہ کی ذات وہ ہے جس کے سوا لائق عبادت کوئی نہیں ہے۔ نہ خالق ہونے کے اعتبار سے، نہ رب ہونے کے اعتبار سے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے چونکہ عبادت صرف خالق اور رب کی ہوتی ہے۔ اللہ کے سوا کوئی خالق ہے نہ کوئی رب۔

۲۔ عٰلِمُ الۡغَیۡبِ وَ الشَّہَادَۃِ: جو بات ادراک کرنے والے کے سامنے ہو گی وہ شہود ہے، جو اس کے سامنے نہیں ہو گی وہ غیب۔ لہٰذا ہر ایک کا غیب و شہود اس کے ادراکات کی حدود سے مربوط ہے لیکن اللہ تعالیٰ کے لیے کوئی چیز غیب نہیں ہے۔ غیب و شہود غیر اللہ کے لیے ہے۔ اسی کے مطابق فرمایا ہے کہ اللہ کے علاوہ دیگر موجودات کے لیے جو غیب و شہود ہے سب کو اللہ جانتا ہے۔ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام سے روایت ہے:

الغیب ما لم یکن و الشہادۃ ما کان۔ ( مجمع البیان ذیل آیہ)

غیب وہ ہے جو ابھی وجود میں نہیں آیا شہود وہ جو وجود میں آ گیا ہے۔


آیت 22