آیت 31
 

نَحۡنُ اَوۡلِیٰٓؤُکُمۡ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا وَ فِی الۡاٰخِرَۃِ ۚ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَشۡتَہِیۡۤ اَنۡفُسُکُمۡ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَدَّعُوۡنَ ﴿ؕ۳۱﴾

۳۱۔ ہم دنیا کی زندگی میں بھی تمہارے رفیق تھے اور آخرت میں بھی (تمہارے ساتھی ہیں) اور یہاں تمہارے لیے تمہاری من پسند چیزیں موجود ہیں اور جو چیز تم طلب کرو گے وہ تمہارے لیے اس میں موجود ہو گی،

تفسیر آیات

۱۔ نَحۡنُ اَوۡلِیٰٓؤُکُمۡ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا: فرشتے ان مومنین سے کہیں گے: ہم دنیا میں بھی تمہارے اولیاء تھے۔ اولیاء کا لفظ قرناء کے مقابلے میں استعمال ہوا ہے۔ جن کا کافروں پر تسلط قائم تھا انہیں قرناء ہم نشین کہا ہے۔ انہوں نے کافروں پر اپنا تسلط جما لیا تھا۔

فَزَيَّنُوْا لَہُمْ: ان شیاطین نے ان کی سوچ میں تبدیلی پیدا کر کے ان میں اچھے برے کے پیمانے بدل دیے اور برے جرائم انہیں اچھے لگنے لگے تھے۔

جب کہ فرشتے اولیاء بن کر اہل ایمان کو راہ راست پر رہنے میں مدد دے رہے تھے اور ہر قسم کے انحراف سے بچا رہے تھے۔ جس طرح کافروں پر قرناء اپنا تسلط جما کر اپنا کام کر رہے تھے اسی طرح اولیاء اپنی ولایت قائم کر کے مومنین کو حق پر قائم رہنے میں مدد دے رہے تھے۔ جیسے فرمایا:

لَہٗ مُعَقِّبٰتٌ مِّنۡۢ بَیۡنِ یَدَیۡہِ وَ مِنۡ خَلۡفِہٖ یَحۡفَظُوۡنَہٗ مِنۡ اَمۡرِ اللّٰہِ ؕ۔۔۔۔۔ (۱۳ رعد: ۱۱)

ہر شخص کے آگے اور پیچھے یکے بعد دیگرے آنے والے پہرے دار (فرشتے) مقرر ہیں جو بحکم خدا اس کی حفاظت کرتے ہیں۔

۲۔ وَ فِی الۡاٰخِرَۃِ: جن فرشتوں نے دنیا میں اپنی ولایت قائم رکھی تھی وہ آخرت میں ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ آخرت کی مشکلات کو آسان بنانے کے لیے ان کی مدد کر رہے ہوں گے اور جنت میں داخل ہونے تک ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

۳۔ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَشۡتَہِیۡۤ اَنۡفُسُکُمۡ: یہ فرشتے مومنین کو یہ بشارت دے رہے ہوں گے کہ تمہارے لیے جنت میں ہر وہ چیز میسر ہو گی جس کی تم خواہش کرو گے۔

۴۔ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَدَّعُوۡنَ : جس چیز کو طلب کرو اسے اس جنت میں موجود پاؤ گے۔ یعنی جنت میں تمہارے ارادے نافذ ہوں گے۔ واضح رہے مَا تَشۡتَہِیۡۤ سے مَا تَدَّعُوۡنَ کا دائرہ وسیع ہو گا چونکہ تَشۡتَہِیۡۤ ’’خواہش‘‘ میں وہ چیزیں آتی ہیں جو محسوسات کے دائرے میں ہیں جب کہ مَا تَدَّعُوۡنَ ’’جو طلب کرو‘‘ میں وہ چیزیں بھی آ جاتی ہیں جنہیں ذہن و خیال نے تصور کیا ہے۔

اس جملے کی مزید تشریح کے لیے ملاحظہ ہو سورہ یٰسٓ آیت ۵۷۔


آیت 31