آیت 60
 

وَ یَوۡمَ الۡقِیٰمَۃِ تَرَی الَّذِیۡنَ کَذَبُوۡا عَلَی اللّٰہِ وُجُوۡہُہُمۡ مُّسۡوَدَّۃٌ ؕ اَلَیۡسَ فِیۡ جَہَنَّمَ مَثۡوًی لِّلۡمُتَکَبِّرِیۡنَ﴿۶۰﴾

۶۰۔ اور جنہوں نے اللہ کی نسبت جھوٹ بولا قیامت کے دن آپ ان کے چہرے سیاہ دیکھیں گے، کیا تکبر کرنے والوں کا ٹھکانا جہنم میں نہیں ہے؟

تفسیر آیات

۱۔ الَّذِیۡنَ کَذَبُوۡا عَلَی اللّٰہِ: اللہ پر جھوٹ باندھنے والے مشرکین ہیں جو اللہ کے لیے شریک کے قائل ہیں اور جھوٹ اس طرح باندھتے ہیں: اللہ نے تدبیر کائنات ان معبودوں کے سپرد کردی ہے۔ اللہ ان کی شفاعت قبول فرماتا ہے۔

۲۔ وُجُوۡہُہُمۡ مُّسۡوَدَّۃٌ: جس طرح دنیا میں ان کے دل سیاہ تھے، حق کی روشنی ان کے دلوں میں نہیں جا سکی، وہی تاریکی قیامت کے دن ان کے چہروں پر نمودار ہو جائے گی۔

۳۔ جہنم تکبر کرنے والوں کا ٹھکانہ ہو گی۔ وہ انبیاء علیہم السلام سے اپنے آپ کو برتر سمجھتے تھے۔ انبیاء علیہم السلام کی توہین کرتے اور مذاق اڑاتے تھے۔ ان کے اس تکبر کا نتیجہ جہنم ہے۔


آیت 60