آیت 54
 

وَ اَنِیۡبُوۡۤا اِلٰی رَبِّکُمۡ وَ اَسۡلِمُوۡا لَہٗ مِنۡ قَبۡلِ اَنۡ یَّاۡتِیَکُمُ الۡعَذَابُ ثُمَّ لَا تُنۡصَرُوۡنَ﴿۵۴﴾

۵۴۔ اور اپنے رب کی طرف پلٹ آؤ اور اس کے فرمانبردار بن جاؤ قبل اس کے کہ تم پر عذاب آ جائے،پھر تمہاری مدد نہیں کی جائے گی۔

تشریح کلمات

اَنِیۡبُوۡۤا:

( ن و ب ) النوب کسی چیز کا بار بار لوٹ کر آنا۔ الا نابۃ الی اللّٰہ توبہ اور اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹنا۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ اَنِیۡبُوۡۤا اِلٰی رَبِّکُمۡ: اپنے رب کی طرف توبہ کرو۔ کفر و شرک چھوڑ اور غیر اللہ کی پرستش ترک کر کے اللہ کی بارگاہ میں پلٹ آؤ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سابقہ آیت کے نتیجے کا ذکر ہے کہ جب اللہ کی رحمت کے سائے میں جانے کی صورت میں کسی کو مایوس نہیں کیا جائے گا اور تمام گناہ بخشے جائیں گے تو اس آیت میں حکم ہوا: اپنے رب کی طرف پلٹ آؤ۔

۲۔ وَ اَسۡلِمُوۡا: اور رب کے فرماں بردار بن جاؤ تاکہ رحمت الٰہی کے سائے میں آ جاؤ۔

۳۔ مِنۡ قَبۡلِ اَنۡ یَّاۡتِیَکُمُ الۡعَذَابُ: قبل اس کے کہ توبہ و تسلیم نہ کرنے کی صورت میں عذاب میں مبتلا ہو جاؤ۔

اہم نکات

۱۔ توبہ و تسلیم عذاب الٰہی سے بچنے کا واحد راستہ ہے۔


آیت 54