آیت 118
 

وَ عَلَی الَّذِیۡنَ ہَادُوۡا حَرَّمۡنَا مَا قَصَصۡنَا عَلَیۡکَ مِنۡ قَبۡلُ ۚ وَ مَا ظَلَمۡنٰہُمۡ وَ لٰکِنۡ کَانُوۡۤا اَنۡفُسَہُمۡ یَظۡلِمُوۡنَ﴿۱۱۸﴾

۱۱۸۔ اور جنہوں نے یہودیت اختیار کی ہے ان پر وہی چیزیں ہم نے حرام کر دیں جن کا ذکر پہلے ہم آپ سے کر چکے ہیں اور ہم نے تو ان پر کوئی ظلم نہیں کیا بلکہ وہ خود اپنے آپ پر ظلم کرتے ہیں۔

تفسیر آیات

سورۃ الانعام کی آیت ۱۴۶ کی طرف اشارہ ہے: وَ عَلَی الَّذِیۡنَ ہَادُوۡا حَرَّمۡنَا کُلَّ ذِیۡ ظُفُرٍ ۔۔۔۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سورۃ الانعام، سورۃ النحل سے پہلے نازل ہو چکی تھی۔

بعض اہل قلم نے یہاں یہ سوال اٹھایا ہے: سورۃ النحل کی اس آیت میں سورۃ الانعام کی ایک آیت کا حوالہ دیا گیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سورۃ الانعام اس سے پہلے نازل ہو چکی تھی لیکن سورۃ الانعام آیت ۱۱۹میں اشارہ ہوا ہے:

وَ مَا لَکُمۡ اَلَّا تَاۡکُلُوۡا مِمَّا ذُکِرَ اسۡمُ اللّٰہِ عَلَیۡہِ وَ قَدۡ فَصَّلَ لَکُمۡ مَّا حَرَّمَ عَلَیۡکُمۡ اِلَّا مَا اضۡطُرِرۡتُمۡ ۔۔۔۔

اور کیا وجہ ہے کہ تم وہ (ذبیحہ) نہیں کھاتے جس پر اللہ کا نام لیا گیا ہو؟ حالانکہ اللہ نے جن چیزوں کو اضطراری حالت کے سوا تم پر حرام قرار دیا ہے۔۔۔۔

اس میں سورۃ النحل کی طرف اشارہ ہے کیونکہ مکی سورتوں میں سورۃ الانعام کے علاوہ بس یہی سورہ ہے جس میں حرام چیزوں کی تفصیل بیان ہوئی ہے۔اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان میں سے کون سا سورہ پہلے نازل ہوا تھا اور کون سا بعد میں؟ ( تفہیم القرآن ۲: ۵۷۹)

ہمارے نزدیک صحیح جواب یہ ہے کہ سورۃ الانعام کی آیت ۱۱۹کا اشارہ اسی سورہ کی آیت ۱۴۶کی طرف ہو سکتا ہے جس میں ان چیزوں کی حرمت کا ذکر ہے:

وَ عَلَی الَّذِیۡنَ ہَادُوۡا حَرَّمۡنَا کُلَّ ذِیۡ ظُفُرٍ ۚ وَ مِنَ الۡبَقَرِ وَ الۡغَنَمِ حَرَّمۡنَا عَلَیۡہِمۡ شُحُوۡمَہُمَاۤ ۔۔۔

اور ہم نے یہود پر ہر ناخن والا جانور حرام کر دیا تھا اور بکری اور گائے کی چربی حرام کر دی تھی۔۔۔۔

اور سورہ میں آیت۱۴۶ بعد میں مذکور ہونے سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ یہ آیت نازل بھی بعد میں ہوئی ہے کیونکہ یہ بات اپنی جگہ مسلم ہے کہ تدوین کی ترتیب، نزول کی ترتیب کے مطابق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اہم نکات

۱۔ بعض الٰہی احکام بندوں کے مکافات عمل کے طور پر بھی نافذہوئے ہیں: وَ مَا ظَلَمۡنٰہُمۡ وَ لٰکِنۡ کَانُوۡۤا اَنۡفُسَہُمۡ یَظۡلِمُوۡنَ ۔


آیت 118