آیت 19
 

یَوۡمَ لَا تَمۡلِکُ نَفۡسٌ لِّنَفۡسٍ شَیۡئًا ؕ وَ الۡاَمۡرُ یَوۡمَئِذٍ لِّلّٰہِ﴿٪۱۹﴾

۱۹۔ اس دن کسی کو کسی کے لیے کچھ (کرنے کا) اختیار نہیں ہو گا اور اس دن صرف اللہ کا حکم چلے گا۔

تفسیر آیات

۱۔ قیامت کے دن کوئی کسی کے کام نہیں آئے گا، نہ کسی کا بس چلے گا چونکہ اس دن تمام رشتے ٹوٹ جائیں گے۔ کچھ کرنے کے لیے کوئی وسیلہ ہاتھ نہیں آئے گا چونکہ وہاں اسباب وعلل بھی غیر مؤثر ہو جائیں گے۔

۲۔ وَ الۡاَمۡرُ یَوۡمَئِذٍ لِّلّٰہِ: اس دن صرف اور صرف اللہ کا حکم چلے گا۔ وہ مٰلِکِ یَوۡمِ الدِّیۡنِ ہے کہ قیامت کے دن صرف اور صرف اللہ کا تصرف مؤثر ہو گا اور دوسرے تمام علل و اسباب اور وسائل غیر مؤثر ہوں گے۔ دنیا میں تو اللہ کی نافرمانی ہوتی رہی۔ اللہ کے حکم خلاف علل و اسباب اور وسائل بروئے کار لائے جاتے رہے۔ چونکہ دنیا دار امتحان تھی اس لیے انسان کو خودمختاری دی گئی تھی مگر قیامت کا دن دار حساب ہے یہاں صرف اللہ کا حکم نافذ ہوگا۔


آیت 19