آیت 78
 

تَبٰرَکَ اسۡمُ رَبِّکَ ذِی الۡجَلٰلِ وَ الۡاِکۡرَامِ﴿٪۷۸﴾

۷۸۔ بابرکت ہے آپ کے رب کا نام جو صاحب جلالت و اکرام ہے۔

تفسیر آیات

مبارک ہے اس ذات کا اسم جو تمام نعمتوں کی سرچشمہ ہے۔ وہ بابرکت اسم الرحمٰن ہے جو اس کی رحمت کی وسعت پر دلالت کرنے والا اسم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسم الرحمٰن ، لفظ اللّٰہ کی طرح صرف اللہ تعالیٰ کی ذات سے مختص ہے۔

۲۔ ذِی الۡجَلٰلِ وَ الۡاِکۡرَامِ: اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتوں کے ذکر کے ساتھ اپنے اسمائے مبارکہ میں سے دو ایسے اسمائے مبارکہ کا ذکر فرمایا ہے جو اللہ کے اسم جلال یعنی جلیل القدر ذات ہونے پر دلالت کرتے ہیں اوران اسماء کا ان نعمتوں کی فراوانی میں دخل ہے۔

وَ الۡاِکۡرَامِ: یہی صاحب اکرام ذات انسان کو نعمات سے مالا مال کرنے کے لیے اس انتظار میں ہے کہ انسان اپنے آپ کو ان نعمات کا مستحق بنانے کے لیے کوئی معمولی سا اقدام کرے۔

ذِی الۡجَلٰلِ صفات جلال و عظمت سے متعلق ہے اور وَ الۡاِکۡرَامِ صفات جمال و انعام سے متعلق ہے۔ جلال سے قدرت اور اکرام سے عطا اور عنایت کا بیان ہے۔


آیت 78