آیت 81
 

اَوَ لَیۡسَ الَّذِیۡ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضَ بِقٰدِرٍ عَلٰۤی اَنۡ یَّخۡلُقَ مِثۡلَہُمۡ ؕ؃ بَلٰی ٭ وَ ہُوَ الۡخَلّٰقُ الۡعَلِیۡمُ﴿۸۱﴾

۸۱۔ جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے، آیا وہ اس بات پر قادر نہیں ہے کہ ان جیسوں کو پیدا کرے؟ کیوں نہیں! وہ تو بڑا خالق ، دانا ہے۔

تفسیر آیات

۱۔ اَوَ لَیۡسَ الَّذِیۡ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ: کیا جس ذات نے آسمانوں اور زمین پر مشتمل ایک کائنات بنائی ہے اسے اعادۂ حیات میں کیا مشکل پیش آ سکتی ہے جب کہ کائنات کی تخلیق کے مقابلے میں انسان کی تخلیق کی کوئی خاص حیثیت نہیں ہے۔ فرمایا:

لَخَلۡقُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ اَکۡبَرُ مِنۡ خَلۡقِ النَّاسِ۔۔۔۔ (۴۰ غافر : ۵۷)

آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا انسانوں کے خلق کرنے سے زیادہ بڑا کام ہے۔

کائنات کا وہ حصہ جو انسان کے احاطۂ علمی میں آیا ہے، محیر العقول ہے۔ کل کائنات کا انسان کو نہ علم ہے نہ اندازہ۔ جس کہکشاں میں ہمارا نظام شمسی موجودہے، کہتے ہیں اس میں تین ارب ستارے موجود ہیں۔ یعنی تین ارب آفتاب موجود ہیں۔ ان میں ایک ہمارا آفتاب ہے۔ اب تک بیس لاکھ کہکشاؤں کا اندازہ ہو سکا ہے۔ ان میں ہم سے قریب ترین کہکشاں کا فاصلہ دس لاکھ نوری سال ہے اور دور ترین کہکشاں کی روشنی ہم تک دس کروڑ سال میں پہنچی ہے۔ بعض کہکشاؤں کی روشنی اربوں سال سے چلی آرہی ہے ابھی ہم تک نہیں پہنچی۔ واضح رہے کہ روشنی کی رفتار ۱۸۸۲۸ میل فی سیکنڈ ہے۔

۲۔ اَنۡ یَّخۡلُقَ مِثۡلَہُمۡ: اس جملے میں مِثۡلَہُمۡ ’’ان جیسے‘‘ کا ذکر آیا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خود وہی نہیں، ان کی مثل پیدا ہو گے۔ اس کی وضاحت یہ ہے کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ معاد جسمانی ہے۔ ہم دنیا کے اسی جسم کے ساتھ اٹھائے جائیں گے اور اسی ڈھانچے میں روح دوبارہ پھونکی جائے گی۔ واضح رہے یہ ڈھانچہ دنیامیں بھی ہر چھ سال بعد خلیات کی شکست و ریخت کے نتیجے میں بدل جاتا ہے۔ لہٰذا ہم اس دنیا میں ہمیشہ ایک ڈھانچے میں نہیں ہوتے۔ ہمیشہ مِثۡلَہُمۡ میں ہوتے ہیں۔ البتہ جو نہیں بدلتا وہ روح ہے۔ اس بات سے آخرت کی مِثۡلَہُمۡ کا سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔

۳۔ بَلٰی ٭ وَ ہُوَ الۡخَلّٰقُ الۡعَلِیۡمُ: کیوں نہیں قادر! وہ خلاقیت میں اور کس طرح خلق کرنا ہے؟ اس کے علم میں بے مثل ہے۔ وہ تمام رازہائے تخلیق پر قدرت اور علم رکھتا ہے۔

اہم نکات

۱۔ ایک لامتناہی کائنات کے خالق کے لیے ایک ڈھانچے میں دوبارہ زندگی پھونکنا نہایت آسان کام ہے۔


آیت 81