آیت 45
 

اِذۡ قَالَتِ الۡمَلٰٓئِکَۃُ یٰمَرۡیَمُ اِنَّ اللّٰہَ یُبَشِّرُکِ بِکَلِمَۃٍ مِّنۡہُ ٭ۖ اسۡمُہُ الۡمَسِیۡحُ عِیۡسَی ابۡنُ مَرۡیَمَ وَجِیۡہًا فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ وَ مِنَ الۡمُقَرَّبِیۡنَ ﴿ۙ۴۵﴾

۴۵۔ جب فرشتوں نے کہا: اے مریم! اللہ تجھے اپنی طرف سے ایک کلمے کی بشارت دیتا ہے جس کا نام مسیح عیسیٰ بن مریم ہو گا، وہ دنیا و آخرت میں آبرومند ہو گا اور مقرب لوگوں میں سے ہو گا۔

تشریح کلمات

الۡمَسِیۡحُ:

یہ عبرانی لفظ مشیحا کا معرب ہے۔ یعنی مبارک۔ بعض مفسرین کہتے ہیں: لفظ مسیح ان کے ہاں بادشاہوں کا لقب ہے۔ کیونکہ ان کے ہاں جو شخص بھی ملک کا اقتدار سنبھالتا ہے، کاہن اس کے جسم پر مقدس تیل ملتا ہے۔ اس طرح ملک کا اقتدار سنبھال لینے والے کو بادشاہ مسیح کہتے ہیں۔(المراغی)۔ تمام انبیائے سلف نے مسیح علیہ السلام کی آمد کی بشارت دی۔ چنانچہ یہودی اس مسیح علیہ السلام کے منتظر تھے۔ لیکن حضرت مسیح (ع) نے ظہور فرمایا تو ان میں سے صرف کچھ یہودی ایمان لائے۔

عِیۡسَی:

یہ عبرانی لفظ یسوع کا معرب ہے۔نجات دہندہ یا صاحب حیات یعنی یحییٰ کا ہم معنی ہے۔

تفسیرآیات

اس آیہ مبارکہ سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ فرشتے حضرت مریم (س)سے براہ راست کلام کرتے تھے۔ اس آیت میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں دو متضاد نظریات رد کرنے کے ساتھ ساتھ درست مؤقف بیان ہو رہا ہے۔ یہودیوں کے منفی مؤقف اور مسیحیوں کے غالیانہ مؤقف کو رد کرنے کے بعد یہ بتایا جا رہا ہےکہ حضرت عیسیٰ (ع) اللہ تعالیٰ کے مقرب بندے ہیں اور دنیا و آخرت میں محترم ہیں۔

۱۔ بِکَلِمَۃٍ مِّنۡہُ: قرآن حضرت مسیح کو کلمۃ اللہ کا لقب دیتا ہے۔ چونکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام بغیر باپ کے پیدا ہوئے اور اللہ کی طرف سے صادر ہونے والے کلمہ، کن سے وجود میں آئے ہیں یا اس لیے کلمہ ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کی غیر محدود قدرت کی نشانی ہیں، جس طرح کوئی کلمہ کسی معنی کی نشاندہی کرتا ہے۔

۲۔ وَجِیۡہًا فِی الدُّنۡیَا وَ الۡاٰخِرَۃِ: آخرت میں آبرومند ہونا تو واضح ہے۔ دنیا میں بھی حضرت مسیح علیہ السلام کی آبرومندی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ روئے زمین پر بسنے والوں میں ایک بہت بڑی تعداد آپ کے تقدس کی قائل ہے۔ اس سلسلے میں یہودیوں کی طرف سے بہتان تراشی اس آبرومندی کے لیے مضر نہیں ہے، چونکہ یہود خود دنیا میں ایک مجرم قوم کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔

اہم نکات

۱۔ حضرت عیسیٰؑ اللہ کے فرزند نہیں، بلکہ اللہ کے برگزیدہ اور مقرب بندے ہیں: وَ مِنَ الۡمُقَرَّبِیۡنَ ۔۔۔


آیت 45