آیت 2
 

ۣالَّذِیۡ لَہٗ مُلۡکُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ وَ لَمۡ یَتَّخِذۡ وَلَدًا وَّ لَمۡ یَکُنۡ لَّہٗ شَرِیۡکٌ فِی الۡمُلۡکِ وَ خَلَقَ کُلَّ شَیۡءٍ فَقَدَّرَہٗ تَقۡدِیۡرًا﴿۲﴾

۲۔ جس کے لیے آسمانوں اور زمین کی بادشاہی ہے اور جس نے کسی کو بیٹا نہیں بنایا اور جس کی بادشاہی میں کوئی شریک نہیں ہے اور جس نے ہر چیز کو خلق فرمایا پھر ہر ایک کو اپنے اندازے میں مقدر فرمایا۔

تفسیر آیات

۱۔ ۣالَّذِیۡ لَہٗ مُلۡکُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ وَ لَمۡ یَتَّخِذۡ وَلَدًا: اس جملے کی تشریح سورہ بقرہ آیت ۱۱۶، یونس آیت ۶۸ میں ہو گئی ہے کہ زمین و آسمانوں کی سلطنت صرف اللہ کے پاس ہے۔

۲۔ وَّ لَمۡ یَکُنۡ لَّہٗ شَرِیۡکٌ فِی الۡمُلۡکِ: اللہ کی سلطنت میں کوئی شریک نہیں ہے جب کہ مشرکین تدبیر و سلطنت میں دوسروں کو اللہ کا شریک بناتے تھے کہ خلق تو خدا نے کیا ہے لیکن خلق کے بعد تدبیر کے اختیارات غیر اللہ کے پاس ہیں۔

۳۔ وَ خَلَقَ کُلَّ شَیۡءٍ فَقَدَّرَہٗ تَقۡدِیۡرًا: ہر چیز کو خلق فرمانے کے بعد اس کی بقا و ارتقا کا پیمانہ متعین فرمایا نیز اس کی تخلیق کے وقت ہی اس کی بقا و ارتقا کے لیے ضروری ہدایات بھی اس میں ودیعت فرمائیں۔ ہر ایک کے لیے بقا و ارتقا کے علل و اسباب کا تعین فرمایا اور فزیکلی قوانین وضع فرمائے جسے تقدیر کہتے ہیں۔


آیت 2