آیات 48 - 51
 

یَوۡمَ تُبَدَّلُ الۡاَرۡضُ غَیۡرَ الۡاَرۡضِ وَ السَّمٰوٰتُ وَ بَرَزُوۡا لِلّٰہِ الۡوَاحِدِ الۡقَہَّارِ﴿۴۸﴾

۴۸۔ یہ (انتقام) اس دن ہو گا جب یہ زمین کسی اور زمین سے بدل دی جائے گی اور آسمان بھی اور سب خدائے واحد و قہار کے سامنے پیش ہوں گے۔

وَ تَـرَی الۡمُجۡرِمِیۡنَ یَوۡمَئِذٍ مُّقَرَّنِیۡنَ فِی الۡاَصۡفَادِ ﴿ۚ۴۹﴾

۴۹۔ اس دن آپ مجرموں کو ایک ساتھ زنجیروں میں جکڑا ہوا دیکھیں گے۔

سَرَابِیۡلُہُمۡ مِّنۡ قَطِرَانٍ وَّ تَغۡشٰی وُجُوۡہَہُمُ النَّارُ ﴿ۙ۵۰﴾

۵۰۔ ان کے لباس گندھک کے ہوں گے اور آگ ان کے چہروں پر چھائی ہوئی ہو گی۔

لِیَجۡزِیَ اللّٰہُ کُلَّ نَفۡسٍ مَّا کَسَبَتۡ ؕ اِنَّ اللّٰہَ سَرِیۡعُ الۡحِسَابِ﴿۵۱﴾

۵۱۔ تاکہ اللہ ہر نفس کو اس کے عمل کی جزا دے، اللہ یقینا بہت جلد حساب کرنے والا ہے۔

تشریح کلمات

الۡاَصۡفَادِ:

( ص ف د ) الصفد کے معنی لوہے کی زنجیر یا طوق کے ہیں۔ جمع اصفاد ہے۔

سَرَابِیۡلُہُمۡ:

( س ر ب ل ) السربال کرتہ قمیص۔ خواہ کسی چیز سے بنی ہوئی ہو۔

قَطِرَانٍ:

( ق ط ر ن ) پگھلی ہوئی تارکول یا گندھک کو کہتے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ یَوۡمَ تُبَدَّلُ الۡاَرۡضُ: قیامت کے دن اس زمین و آسمان کا موجودہ نظام دگرگون ہو جائے گا اور موجودہ نظام طبیعت بدل جائے گا۔ جیساکہ ہم نے اس قسم کی تبدیلی کا مشاہدہ بھی کیا ہے۔

مثلاً ایک جرثومے کا اپنے عالم جرثومہ میں زندہ رہنے کا ایک نظام حیات ہے۔ جب وہ نطفہ بن جاتا ہے تو اس کا نظام حیات بدل جاتا ہے۔ اس کے بعد جنین بننے کے بعد قوانین زندگی بدل جاتے ہیں اور یہ جنین جب شکم مادر سے اس دنیا میں قدم رکھتا ہے تو اس کا طریقہ حیات و شرائط زندگی بدل جاتے ہیں۔ اسی طرح عالم آخرت کا نظام اگرچہ ایک طبیعی نظام ہو گا لیکن وہ دوسرا مختلف نظام طیبعت ہو گا۔ اس نظام طبیعت کا نفخ صور کے ساتھ کوئی تعلق ہو گا جس کے تقاضوں کے مطابق سب مردے زندہ ہو جائیں گے وَ بَرَزُوۡا لِلّٰہِ الۡوَاحِدِ الۡقَہَّارِ ۔۔۔۔ سب اللہ کے حضور پیش ہو جائیں گے۔

اسی نظام طبیعت میں مجرمین اگرچہ زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہوں گے، ان کے جسم پر تارکول یا گندھک جیسا آتش گیر مادہ بطور لباس ہو گا اور ان کے جسم پر آگ چھائی ہوئی ہو گی، اس کے باوجود وہ زندہ اور عذاب سہتے رہیں گے۔

اسی نظام کے تحت یہ زمین تُحَدِّثُ اَخۡبَارَہَا ۔ (۹۹ الزلزلة: ۴) اپنی خبریں بیان کرے گی۔

اہم نکات

۱۔ قیامت کے دن موجودہ نظام طبیعت بدل جائے گا۔

۲۔ اس دن سارے راز منکشف ہو جائیں گے: وَ بَرَزُوۡا لِلّٰہِ ۔۔۔۔


آیات 48 - 51