دعوت اور تبلیغ کے اہم عناصر


خُذِ الۡعَفۡوَ وَ اۡمُرۡ بِالۡعُرۡفِ وَ اَعۡرِضۡ عَنِ الۡجٰہِلِیۡنَ﴿۱۹۹﴾

۱۹۹۔(اے رسول) درگزر سے کام لیں، نیک کاموں کا حکم دیں اور جاہلوں سے کنارہ کش ہو جائیں۔

199۔ رسول اللہ ﷺ کو یہ حکم اس وقت مل رہا ہے جب آپ ﷺ مکے میں ہر طرف سے دشمنوں کے نرغے میں تھے۔ اس آیت میں دعوت و تبلیغ کے یہ اہم عناصر بیان ہوئے ہیں: ٭ اس دعوت کی راہ میں عوام کے منفی رد عمل کے نتیجے میں جو مظالم توڑے جائیں گے ان کا مقابلہ عفو و درگزر سے کیا جائے۔ ٭ شدائد و تکالیف کی پرواہ کیے بغیر بھلائی کی دعوت جاری رکھی جائے۔ ٭ جاہلوں سے الجھنے سے گریز کیا جائے۔