یکتا مدبر


اَمَّنۡ یَّبۡدَؤُا الۡخَلۡقَ ثُمَّ یُعِیۡدُہٗ وَ مَنۡ یَّرۡزُقُکُمۡ مِّنَ السَّمَآءِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ ءَ اِلٰہٌ مَّعَ اللّٰہِ ؕ قُلۡ ہَاتُوۡا بُرۡہَانَکُمۡ اِنۡ کُنۡتُمۡ صٰدِقِیۡنَ﴿۶۴﴾

۶۴۔یا وہ بہتر ہے جو خلقت کی ابتدا کرتا ہے پھر اسے دہراتا ہے اور کون تمہیں آسمان اور زمین سے رزق دیتا ہے؟ کیا اللہ کے ساتھ کوئی اور معبود بھی ہے؟ کہدیجئے: اپنی دلیل پیش کرو اگر تم لوگ سچے ہو۔

64۔ جو ذات نقش اول پر قادر ہے وہ نقش دوم پر زیادہ قادر ہے اور جو تم کو آسمان اور زمین سے رزق دیتا ہے وہی تمہارا معبود ہے۔

ان آیات میں ایک نکتے پر توجہ مرکوز ہے۔ وہ نکتہ یہ ہے کہ معبود وہ ہوتا ہے جس کے ہاتھ میں اس کائنات کی تدبیر ہے۔ پھر سوال اٹھایا گیا کہ بتاؤ تدبیر کائنات کس کے ہاتھ میں ہے؟ کون آسمان سے پانی برساتا ہے؟ کس نے زمین کو جائے قرار بنایا؟ کون ہے جو مضطرب کی فریاد سنتا ہے ؟ کون تم کو آسمان اور زمین سے رزق دیتا ہے؟ یہ سب تدبیر کائنات سے متعلق سوالات ہیں۔ جب یہ سب تدبیریں اللہ کے ہاتھ میں ہیں تو صرف اسی کی بندگی کرو۔