حضرت مریم ؑکی راستبازی


مَا الۡمَسِیۡحُ ابۡنُ مَرۡیَمَ اِلَّا رَسُوۡلٌ ۚ قَدۡ خَلَتۡ مِنۡ قَبۡلِہِ الرُّسُلُ ؕ وَ اُمُّہٗ صِدِّیۡقَۃٌ ؕ کَانَا یَاۡکُلٰنِ الطَّعَامَ ؕ اُنۡظُرۡ کَیۡفَ نُبَیِّنُ لَہُمُ الۡاٰیٰتِ ثُمَّ انۡظُرۡ اَنّٰی یُؤۡفَکُوۡنَ﴿۷۵﴾

۷۵۔مسیح بن مریم تو صرف اللہ کے رسول ہیں ان سے پہلے بھی بہت سے رسول گزر چکے ہیں اور ان کی والدہ صدیقہ (راستباز خاتون) تھیں، دونوں کھانا کھایا کرتے تھے، دیکھو ہم کس طرح ان کے لیے اپنی آیات کھول کر بیان کرتے ہیں، پھر دیکھو یہ لوگ کدھر الٹے جا رہے ہیں۔

75۔ وَ اُمُّہٗ صِدِّیۡقَۃٌ : ان کی والدہ راستباز خاتون تھیں۔ وہ اس بات میں راستباز تھیں کہ مسیح علیہ السلام کو انہوں نے جنا ہے اور جو ماں سے جنا جاتا ہے وہ خدا نہیں ہو سکتا۔ کَانَا یَاۡکُلٰنِ الطَّعَامَ ۔ مریم اور عیسیٰ علیہما السلام دونوں کھانا کھاتے تھے، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ ان کا جسم تحلیل ہوتا ہے اور تحلیل شدہ اجزاء کے تدارک کے لیے جسم طعام کا محتاج ہے، جس کی حیات طعام کی محتاج ہو وہ خدا کیسے ہو سکتا ہے۔