صفات کے نمونے


وَ ہُوَ الَّذِیۡ یَبۡدَؤُا الۡخَلۡقَ ثُمَّ یُعِیۡدُہٗ وَ ہُوَ اَہۡوَنُ عَلَیۡہِ ؕ وَ لَہُ الۡمَثَلُ الۡاَعۡلٰی فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۚ وَ ہُوَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ﴿٪۲۷﴾

۲۷۔ اور وہی خلقت کی ابتدا کرتا ہے پھر وہی اس کا اعادہ کرتا ہے اور یہ اس کے لیے زیادہ آسان ہے اور آسمانوں اور زمین میں اس کے لیے اعلیٰ شان و منزلت ہے اور وہ غالب آنے والا، حکمت والا ہے۔

27۔ اللہ کے لیے کوئی کام کسی دوسرے کام سے مشکل نہیں ہوتا کہ آسانی کا تصور آ جا ئے۔ یہ تعبیر بشری فہم کے مطابق اختیار کی گئی ہے کہ جہاں نقش اول مشکل ہوتا ہے،نقش دوم آسان تر ہوتا ہے۔ وَ لَہُ الۡمَثَلُ الۡاَعۡلٰی اللہ کی لامحدود قدرت، حیات، علم، مالکیت، عظمت اور جود و سخا کے چھوٹے چھوٹے اور محدود نمونے آسمانوں اور زمین میں موجود ہیں۔ یہاں موجود محدود حیات اللہ کی لامحدود حیات کا نمونہ ہے اور انسانی ضمیر کے اندر جو عدالت ہے وہ اللہ کی بڑی عدالت گاہ کا نمونہ ہے وغیرہ وغیرہ۔ و فی کل شی لہ اٰیۃ تدل علی انہ واحد ۔