رسول کی نافرمانی ناقابل معافی جرم


یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِیۡعُوا اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ لَا تَوَلَّوۡا عَنۡہُ وَ اَنۡتُمۡ تَسۡمَعُوۡنَ ﴿ۚۖ۲۰﴾

۲۰۔ اے ایمان والو! اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو اور حکم سننے کے بعد تم اس سے روگردانی نہ کرو۔

وَ لَا تَکُوۡنُوۡا کَالَّذِیۡنَ قَالُوۡا سَمِعۡنَا وَ ہُمۡ لَا یَسۡمَعُوۡنَ﴿۲۱﴾

۲۱۔اور ان لوگوں کی طرح نہ ہو جانا جنہوں نے یہ تو کہدیا کہ ہم نے سن لیا مگر درحقیقت وہ سنتے نہ تھے۔

20۔ 21 کافروں کو ان کے انجام بد کی خبر دینے کے بعد مومنوں سے خطاب فرمایا: اللہ اور رسول ﷺ کی اطاعت کرو۔ اس کے بعد خصوصی طور پر فرمایا: رسول کے حکم سے روگردانی نہ کرو۔ یہاں اگرچہ تعبیر عام ہے مگر گفتگو جنگ سے مربوط ہے، لہٰذا بحیثیت سپاہ دار اعظم رسول ﷺ کی حکم عدولی ناقابل عفو جرم ہو گا۔