آیت 96
 

یَحۡلِفُوۡنَ لَکُمۡ لِتَرۡضَوۡا عَنۡہُمۡ ۚ فَاِنۡ تَرۡضَوۡا عَنۡہُمۡ فَاِنَّ اللّٰہَ لَا یَرۡضٰی عَنِ الۡقَوۡمِ الۡفٰسِقِیۡنَ﴿۹۶﴾

۹۶۔ یہ تمہارے سامنے قسم کھائیں گے تاکہ تم ان سے راضی ہو جاؤ، پس اگر تم ان سے راضی ہو بھی جاؤ تو اللہ یقینا فاسق قوم سے راضی نہ ہو گا۔

تفسیر آیات

۱۔ یَحۡلِفُوۡنَ لَکُمۡ: منافقین تمہارے سامنے جو قسمیں کھائیں گے، ان کا مقصد دینی نہیں ہے بلکہ جہاں تک دنیاوی مفادات تم سے وابستہ ہیں ، ان کی خاطر پہلے تو یہ چاہتے ہیں کہ تم ان سے درگزر کرو۔

۲۔ لِتَرۡضَوۡا عَنۡہُمۡ: پھر دوسرے مرحلے میں چاہتے ہیں کہ تم ان سے راضی بھی ہو جاؤ۔

۳۔ فَاِنۡ تَرۡضَوۡا: اگر تم کسی مفاد، مصلحت کے تحت ان سے راضی ہو بھی جاؤ تو اللہ ان سے راضی نہ ہو گا۔ اس جملے سے یہ بات واضح ہو گئی کہ منافق کی رضا جوئی، اللہ کی رضا جوئی کے مقابلے میں ہے۔

اہم نکات

۱۔ کسی مجرم کو لوگ پسند بھی کریں ، خواہ اسے پسند کرنے والے مسلمان ہی کیوں نہ ہوں اسے اللہ ہرگز پسند نہیں کرتا: فَاِنۡ تَرۡضَوۡا ۔۔۔۔


آیت 96