آیات 32 - 33
 

اِنَّہَا تَرۡمِیۡ بِشَرَرٍ کَالۡقَصۡرِ ﴿ۚ۳۲﴾

۳۲۔یقینا یہ دھواں ایسی چنگاریاں اڑائے گا جو محل کے برابر ہیں۔

کَاَنَّہٗ جِمٰلَتٌ صُفۡرٌ ﴿ؕ۳۳﴾

۳۳۔ گویا وہ زرد رنگ کے اونٹ ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ یہ دھواں اس قدر شدید ہو گا جس کے اندر آتش جہنم کی چنگاریاں ہوں گی جو ایک محل کے برابر بڑی ہوں گی۔

ابن عباسکی ایک روایت کے مطابق عربوں میں لفظ قصر لکڑی کے ٹال کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے لیکن قرآن مجید میں لفظ قصر دیگر آیات میں محلات کے معنوں میں ہی استعمال ہوا ہے:

وَ بِئۡرٍ مُّعَطَّلَۃٍ وَّ قَصۡرٍ مَّشِیۡدٍ﴿۴۵﴾ (۲۲ حج: ۴۵)

اور کتنے کنوئیں اور اونچے قصر بیکار پڑے ہیں۔

۲۔ کَاَنَّہٗ: گویا کہ یہ محلات اپنی آتشین رنگت میں زرد رنگ کے اونٹوں کی طرح ہوں گے۔ سابقہ آیت میں ان چنگاریوں کا حجم بتایا کہ ایک چنگاری محل کے برابر بڑی ہوگی۔ دوسری آیت ان چنگاریوں کا رنگ بتایا۔


آیات 32 - 33