آیت 19
 

وَ یَطُوۡفُ عَلَیۡہِمۡ وِلۡدَانٌ مُّخَلَّدُوۡنَ ۚ اِذَا رَاَیۡتَہُمۡ حَسِبۡتَہُمۡ لُؤۡلُؤًا مَّنۡثُوۡرًا﴿۱۹﴾

۱۹۔ اور (خدمت کے لیے) ان کے گرد ایسے لڑکے پھر رہے ہوں گے جو ہمیشہ رہنے والے ہیں، آپ انہیں دیکھیں تو بکھرے ہوئے موتی خیال کریں گے۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ یَطُوۡفُ عَلَیۡہِمۡ: ان کے گرد خدمت گزاری کے لیے ایسے نو عمر لڑکے پھر رہے ہوں گے جو مخلّد ہوں گے۔ یعنی ہمیشہ نو عمر رہیں گے۔ ان میں سن و سال کی وجہ سے کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئے گی۔ بعض کہتے ہیں مُّخَلَّدُوۡنَ کا مطلب یہ ہے کہ یہ نو عمر خدمت گزار ہمیشہ رہیں گے۔ انہیں بھی موت نہیں آئے گی۔ بعض اس کے معنی مزین کے کرتے ہیں اور کہتے التحلید، تحلیہ یعنی مزین کو کہتے ہیں۔

۲۔ انہیں آپ دیکھیں گے تو بکھرے ہوئے موتی خیال کریں گے۔ یعنی یہ نو عمر لڑکے محفل میں ہر جگہ خدمت گزاری میں موجود پائیں گے اس لیے وہ بکھرے ہوئے ہوں گے اور حسن و جمال، صفائی اور چمک میں موتی کی طرح ہوں گے۔


آیت 19