آیات 38 - 39
 

اَیَطۡمَعُ کُلُّ امۡرِیًٴ مِّنۡہُمۡ اَنۡ یُّدۡخَلَ جَنَّۃَ نَعِیۡمٍ ﴿ۙ۳۸﴾

۳۸۔ کیا ان میں سے ہر شخص یہ آرزو رکھتا ہے کہ اسے نعمت بھری جنت میں داخل کیا جائے؟

کَلَّا ؕ اِنَّا خَلَقۡنٰہُمۡ مِّمَّا یَعۡلَمُوۡنَ﴿۳۹﴾

۳۹۔ ہرگز نہیں! ہم نے انہیں اس چیز سے پیدا کیا ہے جسے وہ جانتے ہیں۔

تفسیر آیات

اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ کیا یہ مشرکین جو بطور استہزاء کہتے ہیں کہ اگر قیامت ہوئی تو ہم ان مسلمانوں سے پہلے جنت میں داخل ہوں گے اور ہمارا حال وہاں بھی ان مسلمانوں سے بہتر ہو گا جیسے دنیا میں ہے، اس طرح وہ آخرت اور حیات بعدالموت کا مذاق اڑاتے ہیں۔ ان کے جواب میں فرمایا:

کَلَّا: ایسا ہرگز نہ ہو گا کہ قیامت برپا نہ ہو اور اس بات کو تو تم جانتے ہو کہ تمہیں ایک حقیر بوند سے چلتا پھرتا بولتا انسان بنایا ہے۔ اسی طرح ہم تمہیں دوبارہ بنا سکتے ہیں۔

دوسری تفسیر یہ ہے کہ تمہارا خیال کہ ایمان و عمل کے بغیر جنت میں جائیں گے، قانون خداوندی میں تبدیلی لانے کا ایک دعویٰ ہے۔ کَلَّا یہ ہرگز نہ ہو گا۔ جس ذات نے تمہیں ایک حقیر بوند سے بنایا ہے، اس کے وضع کردہ قانون کو تم تبدیل نہیں کر سکتے۔


آیات 38 - 39