آیات 151 - 152
 

قَالَ رَبِّ اغۡفِرۡ لِیۡ وَ لِاَخِیۡ وَ اَدۡخِلۡنَا فِیۡ رَحۡمَتِکَ ۫ۖ وَ اَنۡتَ اَرۡحَمُ الرّٰحِمِیۡنَ﴿۱۵۱﴾٪

۱۵۱۔موسیٰ نے کہا: اے میرے رب! مجھے اور میرے بھائی کو معاف فرما اور ہمیں اپنی رحمت میں داخل فرما اور تو سب سے بڑھ کر رحم کرنے والا ہے ۔

اِنَّ الَّذِیۡنَ اتَّخَذُوا الۡعِجۡلَ سَیَنَالُہُمۡ غَضَبٌ مِّنۡ رَّبِّہِمۡ وَ ذِلَّۃٌ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا ؕ وَ کَذٰلِکَ نَجۡزِی الۡمُفۡتَرِیۡنَ﴿۱۵۲﴾

۱۵۲۔جنہوں نے گوسالہ کو(معبود)بنایا بیشک ان پر عنقریب ان کے رب کا غضب واقع ہو گا اور دنیاوی زندگی میں ذلت اٹھانا پڑے گی اور بہتان پردازوں کو ہم ایسا ہی بدلہ دیتے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ قَالَ رَبِّ اغۡفِرۡ لِیۡ وَ لِاَخِیۡ: یہ بات قابل توجہ ہے کہ انبیاء علیہم السلام کی استغفار معصیت کی بنیاد پر نہیں ہوتی۔ یہ آداب بندگی ہیں کہ بندگی کے فرائض انجام دینے کے بعد اپنے اس عمل کو بندگی کا حق ادا کرنے کے لیے ناکافی سمجھیں۔ یہی وجہ ہے کہ ابنیاء اور ائمہ علیہم السلام ہر عبادت کے بعد استغفار کرتے تھے۔ حدیث میں آیا ہے۔

ما عبدناک حق عبادتک ۔ (بحار الانوار: ۶۸: ۲۲۵)

ہم نے تیری عبادت کا حق ادا نہیں کیا۔

۲۔ اِنَّ الَّذِیۡنَ اتَّخَذُوا الۡعِجۡلَ: جن لوگوں نے گو سالہ پرستی اختیار کی تھی ان کے بارے میں دو قسم کی سزاؤں کا ذکر ہے۔ ایک غضب الٰہی سے دوچار ہوں گے۔ دوسری دنیوی زندگی میں ذلت و خواری سے دوچار ہوں گے۔ چنانچہ اس جرم کے بعد بنی اسرائیل پر گذرنے والے واقعات میں یہ دو باتیں نظر آتی ہیں: گوسالہ پرستوں کے داعی لوگوں کو موت کی سزا دی گئی۔ بعض روایات کے مطابق تین ہزار افراد کو قتل کر دیا گیا۔ سامری کو ذلت و خواری کے ساتھ مردود کیا گیا نیز ذلت و خواری کے سلسلے میں یہ لوگ دوسری طاقتوں کی غلامی میں ذلت کی زندگی گذارنے پر مجبور ہوتے رہے۔

۳۔ وَ کَذٰلِکَ نَجۡزِی الۡمُفۡتَرِیۡنَ: افترا پردازوں کی یہی سزا ہوا کرتی ہے۔ ایک کلیے کا ذکر ہے کہ جو لوگ بھی اللہ تعالیٰ پر بہتان باندھیں گے، وہ قہر الٰہی اور مذلت سے دوچار ہوں گے۔ چند روز اگر انہیں مہلت مل جاتی ہے تو ان سزاؤں کے منافی نہیں ہیں۔ جیسا کہ قرآن کے متعدد مقامات میں اس کا ذکر ہے۔

اہم نکات

۱۔ انبیاء کا استغفار، آداب بندگی کے تحت ہے۔

۲۔ کبھی گناہ کی سزا دنیا میں بھی دی جاتی ہے: وَ ذِلَّۃٌ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا ۔۔۔۔

۳۔ شرک اور اللہ پر بہتان کی سزا دنیا میں بھی دی جاتی ہے: وَ کَذٰلِکَ نَجۡزِی الۡمُفۡتَرِیۡنَ ۔۔۔۔


آیات 151 - 152