آیت 15
 

اِنَّمَاۤ اَمۡوَالُکُمۡ وَ اَوۡلَادُکُمۡ فِتۡنَۃٌ ؕ وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗۤ اَجۡرٌ عَظِیۡمٌ﴿۱۵﴾

۱۵۔ تمہارے اموال اور تمہاری اولاد بس آزمائش ہیں اور اللہ کے ہاں ہی اجر عظیم ہے۔

تفسیر آیات

۱۔ مال اور اولاد انسان کی نہایت کمزوری ہے۔ مال کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

وَّ تُحِبُّوۡنَ الۡمَالَ حُبًّا جَمًّا ﴿۲۰﴾ (۸۹ فجر: ۲۰)

اور تم مال کے ساتھ جی بھر کر محبت کرتے ہو۔

نیز فرمایا:

وَ اِنَّہٗ لِحُبِّ الۡخَیۡرِ لَشَدِیۡدٌ ﴿۸﴾ (۱۰۰ عادیات: ۸)

اور وہ مال سے محبت کرنے میں سخت ہے۔

اس طرح اللہ تعالیٰ نے نسل انسانی کے تحفظ کے لیے اولاد سے محبت انسان کے قلب و ضمیر میں ودیعت فرمائی ہے۔ اسی لیے انسان کو کبھی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔

ان دونوں کی محبت انسان کو ظلم و زیادتی، حرام کے ارتکاب اور اللہ کو ناراض کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ مال سے ہاتھ اٹھانا یہ کہہ کر کہ حرام ہے، اولاد کی خواہش سے ہاتھ اٹھانا یہ کہہ کر کہ یہ خواہش نا مشروع ہے، ایک بڑا امتحان ہے۔

۲۔ وَ اللّٰہُ عِنۡدَہٗۤ اَجۡرٌ عَظِیۡمٌ: اگر اللہ کی رضایت کی خاطر مال اور اولاد کی آزمائش میں کامیابی حاصل کرو تو اللہ کے پاس سے جو ثواب ملے گا وہ دنیا کے مال و اولاد سے عظیم ہو گا۔


آیت 15