آیات 109 - 110
 

وَ اَقۡسَمُوۡا بِاللّٰہِ جَہۡدَ اَیۡمَانِہِمۡ لَئِنۡ جَآءَتۡہُمۡ اٰیَۃٌ لَّیُؤۡمِنُنَّ بِہَا ؕ قُلۡ اِنَّمَا الۡاٰیٰتُ عِنۡدَ اللّٰہِ وَ مَا یُشۡعِرُکُمۡ ۙ اَنَّہَاۤ اِذَا جَآءَتۡ لَا یُؤۡمِنُوۡنَ﴿۱۰۹﴾

۱۰۹۔ اور یہ لوگ اللہ کی پکی قسمیں کھا کر کہتے ہیں کہ اگر ان کے پاس کوئی معجزہ آئے تو یہ اس پر ضرور ایمان لے آئیں گے، کہدیجئے: معجزے صرف اللہ کے پاس ہیں، لیکن (مسلمانو!) تمہیں کیا معلوم کہ معجزے آ بھی جائیں تب بھی یہ لوگ ایمان نہیں لائیں گے۔

وَ نُقَلِّبُ اَفۡـِٕدَتَہُمۡ وَ اَبۡصَارَہُمۡ کَمَا لَمۡ یُؤۡمِنُوۡا بِہٖۤ اَوَّلَ مَرَّۃٍ وَّ نَذَرُہُمۡ فِیۡ طُغۡیَانِہِمۡ یَعۡمَہُوۡنَ﴿۱۱۰﴾٪

۱۱۰۔اور ہم ان کے دل و نگاہ کو اس طرح پھیر دیں گے جیسا کہ یہ پہلی مرتبہ اس پر ایمان نہیں لائے تھے اور ہم انہیں ان کی سرکشی میں سرگرداں چھوڑے رکھیں گے۔

تفسیر آیات

سیاق و سباق آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ ہٹ دھرم مشرکوں کی طرف سے معجزہ کے مطالبے پر کچھ اہل ایمان کا بھی یہی خیال تھا کہ مشرکین کا مطالبہ قبول کر لینا چاہیے اور ان کے مطالبے کے مطابق معجزہ دکھانا چاہیے۔ اس سلسلے میں مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا:

۱۔ قُلۡ اِنَّمَا الۡاٰیٰتُ عِنۡدَ اللّٰہِ: معجزات صرف اللہ کے پاس ہیں۔ اللہ کے اِذن کے بغیر، میں خود معجزہ نہیں لا سکتا۔ اللہ اپنے علم کے مطابق معجزہ دکھاتا ہے۔

۲۔ وَ مَا یُشۡعِرُکُمۡ: تمہیں کیا معلوم کہ معجزے آ بھی جائیں تو یہ لوگ ایمان لانے والے ہیں؟ ان کے دل و نگاہ الٹے ہیں۔ ان لوگوں نے جس طرح معجزہ دکھانے سے پہلے ایمان قبول نہیں کیا، معجزہ دکھانے کے بعد بھی ایمان نہیں لائیں گے۔

۳۔ وَ نُقَلِّبُ اَفۡـِٕدَتَہُمۡ: ان کو مطلوبہ معجزہ دکھا بھی دیا جائے تو ہم ان کی سرکشی کی وجہ سے ان کے دل و نگاہ کو معجزہ دکھانے سے پہلے کی حالت کی طرف پھیر دیں گے۔ یعنی ان کی قلبی حالت وہی رہے گی جو معجرہ دکھانے سے پہلے تھی۔

۴۔ اَوَّلَ مَرَّۃٍ: سے مراد مجوزہ معجزہ سے پہلے کی حالت ہے۔

۵۔ وَّ نَذَرُہُمۡ: ہم ان کو اپنے حال پر چھوڑے رکھیں گے۔ اس جملے سے نُقَلِّبُ کا مطلب واضح ہو جاتا ہے۔ اللہ ان کو اپنی حالت پر چھوڑ دیتا ہے تو ان کے دل و نگاہ پھر جاتے ہیں۔

اہم نکات

۱۔ اللہ کی رحمت و ہدایت سب کے لیے عام ہے مگر اہلیت اور ظرفیت میں فرق ہے۔ لہٰذا اہل نہ ہونے کی صورت میں معجزے اثر نہیں کرتے۔

۲۔ جس کو اللہ اپنے حال پر چھوڑ دیتا ہے اس کے دل و نگاہ پھر جاتے ہیں۔


آیات 109 - 110