آیت 12
 

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِذَا نَاجَیۡتُمُ الرَّسُوۡلَ فَقَدِّمُوۡا بَیۡنَ یَدَیۡ نَجۡوٰىکُمۡ صَدَقَۃً ؕ ذٰلِکَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ وَ اَطۡہَرُ ؕ فَاِنۡ لَّمۡ تَجِدُوۡا فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ﴿۱۲﴾

۱۲۔ اے ایمان والو! جب تم رسول سے سرگوشی کرنا چاہو تو اپنی سرگوشی سے پہلے کچھ صدقہ دے دیا کرو، یہ بات تمہارے لیے بہتر اور زیادہ پاکیزہ ہے، ہاں اگر صدقہ دینے کے لیے کچھ نہ پاؤ تو اللہ یقینا بڑا بخشنے والا، مہربان ہے۔

تفسیر آیات

بنا بر روایت قتادہ ، کچھ لوگ (شاید امیر لوگ) بلاوجہ صرف اپنی بڑائی دکھانے کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے خلوت میں بات کرنا چاہتے تھے۔ اس آیت کے ذریعے یہ حکم آیا کہ جو آپ سے خلوت میں بات کرنی چاہتا ہے وہ پہلے صدقہ دے۔ اس حکم کی وجہ سے وہ ریاکارانہ سلسلہ بند ہو گیا۔

صرف حضرت علی علیہ السلام نے اس آیت پر عمل کیا اور صدقہ دے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے مسئلہ پوچھا۔

خود حضرت علی علیہ السلام سے روایت ہے کہ آپ علیہ السلام نے ایک دینار دس درہم میں فروخت کیا اور ایک ایک درہم صدقہ دے کر دس بار رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے خلوت میں بات کی اور دس مسائل پوچھے۔

واضح رہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو جہاں یہ حکم تھا پوری امت کو اسلام کی تبلیغ کریں وہاں یہ حکم بھی تھا کہ خصوصی طور پر حضرت علی علیہ السلام کو تعلیم و تربیت دیں۔ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم وقتاً فوقتاً حضرت علی علیہ السلام سے سرگوشی فرماتے تھے جس پر دوسرے حاسدین جلتے تھے۔ چنانچہ جابر بن عبد اللہ انصاری کی روایت ہے: غزوۂ طائف میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ ایک دن طویل سرگوشی فرمائی۔ اس پر لوگوں نے کہا:

قدطالت مناجاتک منذ الیوم مع علی

آپ کی علی کے ساتھ طویل سرگوشی رہی؟

آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:

ما انا انتجیتہ ولکن اللّٰہ انتجاہ۔ ( مناقب منازلی، تاریخ دمشق ۲: ۳۷۔ شواہد التنزیل ۲: ۳۲۵)

میں نے یہ سرگوشی اپنی طرف سے نہیں کی لیکن اللہ کے حکم سے کی ہے۔

یہ روایت ابو الزبیر نے جابر سے روایت کی ہے ابن عساکر کہتے ہیں:رواہ عن ابی الزبیر جماعۃ۔ اس حدیث کو ابن زبیر سے ایک جماعت نے روایت کیا ہے۔

دوسری روایات میں آیا ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حضرت علی علیہ السلام سے خلوت میں گفتگو کرتے تھے تو اصحاب کہتے تھے: ما اکثر ما یناجیہ کس قدر باہم سرگوشی کرتے ہیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: ما انا انتجیتہ ولکن اللّٰہ انتجاہ یہ سرگوشی میں نے اپنی طرف سے نہیں کی لیکن اللہ کے حکم سے کی ہے۔

تیسری روایت میں آیا ہے کہ طویل سرگوشی کی تو فرای الکراھیۃ فی وجوہ رجال۔ کچھ لوگوں کے چہروں پر کراہت نمایاں ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:

ما انا انتجیتہ ولکن اللّٰہ انتجاہ۔

میں نے اپنی طرف سے یہ سرگوشی نہیں کی لیکن اللہ کے حکم سے کی ہے۔

مجمع کبیر میں آیا ہے کہ حضرت ابوبکر نے کہا تھا: لقد طالت مناجاتک الیوم علیا آج آپ کی علی کے ساتھ خلوت میں لمبی گفتگو ہوئی؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے مذکورہ حدیث بیان فرمائی۔ شواہد التنزیل ۲:۳۲۷ میں ہے کہ گلہ کرنے والے حضرت ابوبکر اور حضرت عمر دونوں تھے۔

حق تو یہ ہے کہ حدیث نجوی پر ایک مستقل کتاب لکھی جائے اور اس بات کی پوری وضاحت ہو جائے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر علی علیہ السلام کو خصوصی تعلیم دینا واجب تھا۔ چنانچہ ایک روایت میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت علی علیہ السلام سے مخاطب ہو کر فرمایا:

ان اللّہ عز ذکرہ امرنی ان ادنیک فلا اقصیک و اعلمک فلا اجفوک۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے کہ تجھے قریب کروں میں تجھے دور نہیں کروں گا اور تجھے تعلیم دوں تجھ سے جفا نہیں کروں گا۔

پھر فرمایا:

وحقا علیک ان تعی و حقا علی ان اطیع ربی تبارک تعالیٰ۔ ( الخصال ۲: ۳۶۲)

تیری ذمہ داری ہے کہ حفظ کرے اور میری ذمہ داری ہے کہ اپنے رب تبارک و تعالیٰ کی اطاعت کروں۔

عبد اللہ بن عمر کا قول مشہور ہے:

علی (علیہ السلام) کے تین ایسے فضائل ہیں ان میں سے ایک بھی مجھے حاصل ہوتا تو بڑی دولت سے میرے لیے بہتر تھا: حضرت فاطمۃ الزہرا (سلام اللہ علیہا) کے ساتھ تزویج، خیبر کے دن علم دیا جانا اور آیہ نجوی۔ ( الکشاف ۴: ۴۹۴)

خود مولائے متقیان کا یہ فرمان بھی مشہور ہے:

ایہ فی کتاب اللّٰہ لم یعمل بھا احد قبلی ولا یعمل بھا احد بعدی۔ ( مستدرک الحاکم )

قرآن میں ایک ایسی آیت ہے جس پر میرے سوا کسی نے نہ عمل کیا ہے نہ آیندہ کرے گا۔

سچ فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے علی مع القرآن و القرآن مع علی۔ ( کشف الغمۃ ۱: ۱۴۸)

اگر قرآن میں ایک بھی آیت ایسی ہوتی جس پر علی علیہ السلام نے عمل نہ کیا ہوتا تو مکمل قرآن علی علیہ السلام کی معیت میں ثابت نہ ہوتا۔ لہٰذا نہ قرآن کی تعلیمات، نہ قرآن کی تفسیر و بیان، نہ قرآن کے علوم و عرفان علی علیہ السلام سے جدا ہیں، نہ علی علیہ السلام ان تمام امور سے جدا ہیں۔


آیت 12