آیت 50
 

فَفِرُّوۡۤا اِلَی اللّٰہِ ؕ اِنِّیۡ لَکُمۡ مِّنۡہُ نَذِیۡرٌ مُّبِیۡنٌ ﴿ۚ۵۰﴾

۵۰۔ پس تم اللہ کی طرف بھاگو، بتحقیق میں اللہ کی طرف سے تمہیں صریح تنبیہ کرنے والا ہوں۔

تفسیر آیات

۱۔ فَفِرُّوۡۤا اِلَی اللّٰہِ: ہر جانب سے خطرات میں گھرا ہوا انسان ایک پناہ گاہ کا محتاج ہے۔ خواہشات، مفادات اور گمراہی کی طرف لے جانے والے بے شمار عوامل سے جان چھڑا کر مہربان رب کی امن و سکون والی پناہ گاہ کی طرف بھاگو۔ اس کی وسیع ترین رحمت کے دامن میں جگہ تلاش کرو۔ نفس پرستی، گناہوں اور شرک و کفر سے دوری اختیار کرو اور اللہ کی پناہ میں جاؤ۔

۲۔ اِنِّیۡ لَکُمۡ مِّنۡہُ نَذِیۡرٌ مُّبِیۡنٌ: اے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! لوگوں سے کہدیں کہ میں قبل از وقت تمہیں تنبیہ کرنے والا ہوں کہ اللہ کی پناہ میں نہ جانے کی صورت میں تم کس دائمی عذاب اور ابدی خسارے سے دوچار ہو جاؤ گے۔

دعاؤں میں ہے:

لَا مَفَرَّ مِنْکَ اِلَّا اَلَیْکَ۔۔۔۔ (الفقیۃ ۱: ۳۰۳)

تجھ سے فرار کی کوئی جگہ نہیں سوائے اس کے تیری طرف فرار ہوا جائے۔

اہم نکات

۱۔ اللہ کی حکومت سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ اسی کی طرف بھاگنا ہو گا۔


آیت 50