آیت 48
 

وَ الۡاَرۡضَ فَرَشۡنٰہَا فَنِعۡمَ الۡمٰہِدُوۡنَ﴿۴۸﴾

۴۸۔ اور زمین کو ہم نے فرش بنایا اور ہم کیا خوب بچھانے والے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ الۡاَرۡضَ فَرَشۡنٰہَا: ہم نے ایک آتشین کرہ کو انسان کے لیے اس طرح بچھایا کہ ایک مہربان کی طرح اپنے دامن میں جگہ دیتی ہے۔ چنانچہ اس فرش میں ایسے عناصر ودیعت ہیں کہ جن میں انسان کی زندگی کے رنگ برنگ کے سامان موجود ہیں یہاں تک کہ بعض اہل قلم نے زمین کو ’’مہربان ماں‘‘ کا نام دیا ہے جس کی مامتا کی وجہ سے ہمیں زندگی کی تمامتر سہولیات میسر ہیں۔

۲۔ فَنِعۡمَ الۡمٰہِدُوۡنَ: ہم بہترین گہوارہ فراہم کرنے والے ہیں۔ وہ خدائے مہربان ہے:

الَّذِیۡ جَعَلَ لَکُمُ الۡاَرۡضَ مَہۡدًا۔۔۔ (۲۰ طٰہ: ۵۳)

جس نے تمہارے لیے زمین کو گہوارہ بنایا۔

کہ ہر طرف سے خطرات میں محصور نامساعد ترین فضا میں محفوظ ترین گہوارہ بنا دیا۔

اہم نکات

۱۔جس نے زمین جیسی نامساعد جگہ پر فرش حیات بچھایا کیا اس کے لیے اعادہ حیات ممکن نہیں؟


آیت 48