آیت 40
 

اَلَمۡ تَعۡلَمۡ اَنَّ اللّٰہَ لَہٗ مُلۡکُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ یُعَذِّبُ مَنۡ یَّشَآءُ وَ یَغۡفِرُ لِمَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ﴿۴۰﴾

۴۰۔ کیا تجھے علم نہیں کہ آسمانوں اور زمین میں سلطنت اللہ کے لیے ہے؟ وہ جسے چاہے عذاب دیتا ہے اور جسے چاہے بخش دیتا ہے اور اللہ ہر شے پر قادر ہے۔

تفسیر آیات

۱۔ اَلَمۡ تَعۡلَمۡ: یہ آیت مذکورہ سزا اور توبہ کے ساتھ مربوط ہے کہ ساری کائنات پر اس کی سلطنت ہے اور صرف اسی کاحکم چلتا ہے۔

۲۔ یُعَذِّبُ مَنۡ یَّشَآءُ: اور اسی کا منشا و مشیت کارفرما ہے کہ وہ جس کو چاہتا ہے سزا دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے بخش دیتا ہے لیکن اس کی مشیت اور چاہت اشاعرہ کے نظریہ کے مطابق نہیں ہے کہ وہ چاہے تو توبہ کرنے والوں، صالح لوگوں، نبیوں اور صدیقوں کو ہمیشہ کے لیے جہنم میں ڈال دے اور مفسدوں اور ظالموں پر رحم کھائے اور ہمیشہ کے لیے جنت میں داخل کرے۔ (ملاحظہ ہو تفسیر رازی ۱۱: ۲۳۰ا اور تفسیر المنار ۶: ۳۸۳)

بلکہ اللہ کی مشیت حکمت اور عدل و انصاف کی بنیاد پر قائم ہے۔ وہ چاہتا ہے چور جیسے مجرم کا ہاتھ کاٹا جائے اور توبہ کرنے والے سے درگزر کیا جائے۔


آیت 40