آیت 12
 

اِنَّ اللّٰہَ یُدۡخِلُ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ جَنّٰتٍ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہَا الۡاَنۡہٰرُ ؕ وَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا یَتَمَتَّعُوۡنَ وَ یَاۡکُلُوۡنَ کَمَا تَاۡکُلُ الۡاَنۡعَامُ وَ النَّارُ مَثۡوًی لَّہُمۡ﴿۱۲﴾

۱۲۔ اللہ ایمان لانے والوں اور صالح اعمال بجا لانے والوں کو یقینا ایسی جنتوں میں داخل فرمائے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور جو لوگ کافر ہو گئے وہ لطف اٹھاتے ہیں اور کھاتے ہیں تو جانوروں کی طرح کھاتے ہیں اور ان کا ٹھکانا جہنم ہے۔

تفسیر آیات

۱۔ اِنَّ اللّٰہَ یُدۡخِلُ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا: اہل ایمان کے اللہ کی ولایت و حمایت میں ہونے کا لازمی نتیجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ مومنین کو جنت میں داخل کر دیتا ہے۔ آیت کی صراحت میں یہ بات بھی موجود ہے کہ اللہ ان مومنین کو جنت میں داخل فرمائے گا جو ایمان کے ساتھ عمل صالح بھی بجا لاتے ہیں۔

۲۔ وَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا: اور اس کے مقابلے کافر لوگ ایمان رکھتے ہیں نہ عمل صالح بلکہ وہ دنیا کی زندگی کے عیش و نوش میں مگن رہتے ہیں۔

۳۔ وَ یَاۡکُلُوۡنَ کَمَا تَاۡکُلُ الۡاَنۡعَامُ: جس طرح حیوانات صرف کھانے میں مگن رہتے ہیں۔ کفار چونکہ زندگی کے اصل مقصد سے عاری ہوتے ہیں اس لیے کھانا ہی ان کا مقصود زندگی ہے۔ بقول سعدی انسان زندہ رہنے کے لیے کھاتا ہے جبکہ جانور کھانے کے لیے زندہ رہتے ہیں۔ نہ جانوروں کو یہ سوج بوجھ حاصل ہے کہ یہ رزق کہاں سے آتا ہے، کون ان کا رازق ہے۔ کھانے کی طلب کو غریزہ کہتے ہیں۔ یہ انسان اور حیوان دونوں میں موجود ہے اور ضامنِ بقا ہے۔

فرق یہ ہے کہ انسان ایک معقول مقصد کے لیے کھاتا ہے جب کہ حیوان کا مقصد کھانا ہی ہوتا ہے۔ کافر کھانے کو ہی مقصد قرار دیتے ہیں جو حیوانی خاصیت ہے۔

آیت کا محل کلام یہ نہیں ہے کہ کھانے کا کیا طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔ جیسا کہ بعض سادہ فہم لوگوں نے خیال کیا ہے کہ اس سے ضمناً کھڑے ہو کر کھانے کی ممانعت کا بھی اثبات ہوتا ہے چونکہ جانور کھڑے ہو کر کھاتے ہیں۔ آیت سے ہرگز کھڑے ہو کر کھانے کی ممانعت کا اثبات نہیں ہوتا چونکہ آیت کا محل کلام کھانے کا مقصد بتانا ہے، نہ کہ کھانے کا طریقہ بیان کرنا ہے۔

۳۔ وَ النَّارُ مَثۡوًی لَّہُمۡ: آتش جہنم ان کی محل اقامت ہو گی جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے جس طرح مومن نہروں والی جنت میں ہمیشہ رہیں گے۔

اہم نکات

۱۔ مقصد حیات ہی وہ نقطہ ہے جہاں سے انسان اور جانور میں امتیاز ہوتا ہے۔


آیت 12