آیت 28
 

فَلَوۡ لَا نَصَرَہُمُ الَّذِیۡنَ اتَّخَذُوۡا مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ قُرۡبَانًا اٰلِـہَۃً ؕ بَلۡ ضَلُّوۡا عَنۡہُمۡ ۚ وَ ذٰلِکَ اِفۡکُہُمۡ وَ مَا کَانُوۡا یَفۡتَرُوۡنَ﴿۲۸﴾

۲۸۔ پس انہوں نے قرب الٰہی کے لیے اللہ کے سوا جنہیں اپنا معبود بنا لیا تھا انہوں نے ان کی مدد کیوں نہ کی؟ بلکہ وہ تو ان سے غائب ہو گئے اور یہ ان کا جھوٹ تھا اور وہ بہتان جو وہ گھڑتے تھے۔

تفسیر آیات

۱۔ فَلَوۡ لَا نَصَرَہُمُ: قیامت کے دن ان مشرکوں سے کہا جائے گا جنہوں نے اپنے بتوں کو اس لیے معبود بنایا تھا کہ ان سے اللہ کا قرب حاصل کریں۔ اور وہ کہتے تھے:

مَا نَعۡبُدُہُمۡ اِلَّا لِیُقَرِّبُوۡنَاۤ اِلَی اللّٰہِ زُلۡفٰی۔۔۔۔ ( ۳۹ زمر: ۳)

ہم انہیں صرف اس لیے پوجتے ہیں کہ وہ ہمیں اللہ کا مقرب بنا دیں۔

ان مشرکین سے کہا جائے گا: آج ان معبودوں نے تمہاری مدد کیوں نہیں کی۔ نہ صرف مدد نہیں کی بلکہ ان کا وجود تک دکھائی نہیں دیتا۔

۲۔ وَ ذٰلِکَ اِفۡکُہُمۡ: یہ ان مشرکین کا جھوٹ اور واہمہ تھا۔ کسی حقیقی چیز کو وہ پوجتے نہیں تھے۔

۳۔ وَ مَا کَانُوۡا یَفۡتَرُوۡنَ: اور انہوں نے جھوٹے معبود افتراء کیے تھے جس کی وجہ سے آج وہ ناپید ہیں۔

اہم نکات

۱۔ اللہ کے علاوہ جسے بھی معبود بنایاجائے وہ جھوٹ، افتراء ہے۔


آیت 28