آیت 78
 

وَ لَقَدۡ اَرۡسَلۡنَا رُسُلًا مِّنۡ قَبۡلِکَ مِنۡہُمۡ مَّنۡ قَصَصۡنَا عَلَیۡکَ وَ مِنۡہُمۡ مَّنۡ لَّمۡ نَقۡصُصۡ عَلَیۡکَ ؕ وَ مَا کَانَ لِرَسُوۡلٍ اَنۡ یَّاۡتِیَ بِاٰیَۃٍ اِلَّا بِاِذۡنِ اللّٰہِ ۚ فَاِذَا جَآءَ اَمۡرُ اللّٰہِ قُضِیَ بِالۡحَقِّ وَ خَسِرَ ہُنَالِکَ الۡمُبۡطِلُوۡنَ﴿٪۷۸﴾

۷۸۔ اور بتحقیق ہم نے آپ سے پہلے بہت سے رسول بھیجے ہیں، ان میں سے بعض کے حالات ہم نے آپ سے بیان کیے ہیں اور بعض کے حالات آپ سے بیان نہیں کیے اور کسی پیغمبر کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اللہ کے اذن کے بغیر کوئی معجزہ پیش کرے، پھر جب اللہ کا حکم آگیا تو حق کے ساتھ فیصلہ کر دیا گیا اور اس طرح اہل باطل خسارے میں پڑ گئے۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ لَقَدۡ اَرۡسَلۡنَا رُسُلًا مِّنۡ قَبۡلِکَ: اس آیت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کر کے فرمایا: ہم نے آپ سے پہلے بھی بہت سے رسول بھیجے ہیں۔ ان میں سے بعض کا ہم نے آپ سے ذکر کیا ہے اور بعض کا ذکر نہیں کیا۔ قرآن میں مذکور یا غیر مذکور مرسلین کو بھی آپ کی طرح مسائل پیش آئے۔

پہلا مسئلہ یہ پیش آیا کہ ان کی اپنی قوم نے تکذیب کی، انہیں اذیت پہنچائی اور ان کے مشن کو ناکام بنانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا لیکن آخر میں ہمیشہ کامیابی رسولوں ہی کی رہی اور ان کے دشمن ناکام ہو گئے۔

۲۔ وَ مَا کَانَ لِرَسُوۡلٍ اَنۡ یَّاۡتِیَ بِاٰیَۃٍ: کسی رسول کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اللہ کے اذن کے بغیر معجزہ پیش کرے۔ معجزے کی دو قسمیں ہیں: پہلا معجزہ وہ ہے جو رسول کو ابتدائی طور پر اپنی رسالت و نبوت کی تائید و تصدیق کے لیے اللہ کی طرف سے عنایت ہوتا ہے۔ دوسرا معجزہ وہ ہے جو اس ابتدائی معجزے کے علاوہ لوگوں کے مطالبے پر پیش کیا جاتا ہے۔

پہلی قسم کے معجزے کو نہ ماننے سے عذاب اور فوری فیصلہ نہیں آتا بلکہ انکار و کفر کے باوجود مہلت مل جایا کرتی ہے۔

جب کہ دوسری قسم، لوگوں کے مطالبے پر دکھائے جانے والے معجزے کا اگر لوگوں نے انکار کیا تو منکریں کو مہلت نہیں ملتی۔ اس آیت میں دوسری قسم کے معجزے کی طرف اشارہ ہے

۳۔ فَاِذَا جَآءَ اَمۡرُ اللّٰہِ قُضِیَ بِالۡحَقِّ: کہ جب مطالبے پر معجزہ آئے گا تو یہ معجزہ امر الٰہی کا فیصلہ لے کر آئے گا، پھر مہلت نہیں ملے گی۔ جیسے قوم صالح نے اونٹنی کا معجزہ طلب کیا۔ انکار پر اس قوم پر تباہی آ گئی اور نزول مائدہ کا مطالبہ ہوا تو جواب میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

اِنِّیۡ مُنَزِّلُہَا عَلَیۡکُمۡ ۚ فَمَنۡ یَّکۡفُرۡ بَعۡدُ مِنۡکُمۡ فَاِنِّیۡۤ اُعَذِّبُہٗ عَذَابًا لَّاۤ اُعَذِّبُہٗۤ اَحَدًا مِّنَ الۡعٰلَمِیۡنَ﴿۱۱۵﴾ (۵ مائدہ: ۱۱۵)

میں یہ خوان تم پر نازل کرنے والا ہوں لیکن اگر اس کے بعد تم میں سے کوئی کفر اختیار کرے گا تو اسے میں ایسا عذاب دوں گا کہ اس جیسا عذاب عالمین میں کسی کو نہ دیا ہو گا۔


آیت 78