آیت 174
 

یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ قَدۡ جَآءَکُمۡ بُرۡہَانٌ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ وَ اَنۡزَلۡنَاۤ اِلَیۡکُمۡ نُوۡرًا مُّبِیۡنًا﴿۱۷۴﴾

۱۷۴۔ اے لوگو! تمہارے رب کی طرف سے تمہارے پاس واضح دلیل آگئی ہے اور ہم نے تمہاری طرف روشن نور نازل کیا ہے۔

تشریح کلمات

بُرۡہَانٌ:

( ب ر ہ ) دلیل و حجت میں سے اس دلیل کو برہان کہتے ہیں جو ناقابل تردید ہو۔

تفسیر آیات

۱۔ یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ: یہود و نصاریٰ اور مشرکین کے لیے رسالتمآب (ص) کی رسالت کی حقانیت پر روشنی ڈالنے کے بعد پوری انسانیت سے خطاب فرمایا:

۲۔ قَدۡ جَآءَکُمۡ بُرۡہَانٌ: تمہاری طرف اللہ کی جانب سے ایک ناقابل تردید دلیل آ گئی ہے۔ برہان سے مراد رسول کریم (ص) کی ذات گرامی ہی ہو سکتی ہے۔ کیونکہ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ایک ایسے معاشرے میں آنکھ کھولی جو علم و تمدن سے بالکل بے بہرہ تھا۔ اس زمانے میں یونان، مصر، عراق، ایران اور ہندوستان میں علمی مراکز موجود تھے اور تمدن بھی تھا لیکن حجاز تو تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا۔ اس معاشرے میں ایک شخص، ایک ایسا انسان ساز دستور حیات لے کر آتا ہے، جس کی مثال پیش کرنے سے تمام انسان قاصر ہیں۔ یہ ذات خود اپنی جگہ ایک برہان ہے۔

۳۔ نُوۡرًا مُّبِیۡنًا: اور نور مبین سے مراد قرآن مجید ہے۔ جس نے انسانیت کو جہالت کی تاریکی سے نکال کر علم و تمدن کی روشن دنیا سے متعارف کرایا اور ساتھ روحانی امن و سکون کے عوامل سے روشناس کرایا۔


آیت 174