آیت 29
 

کِتٰبٌ اَنۡزَلۡنٰہُ اِلَیۡکَ مُبٰرَکٌ لِّیَدَّبَّرُوۡۤا اٰیٰتِہٖ وَ لِیَتَذَکَّرَ اُولُوا الۡاَلۡبَابِ﴿۲۹﴾

۲۹۔ یہ ایک ایسی بابرکت کتاب ہے جو ہم نے آپ کی طرف نازل کی ہے تاکہ لوگ اس کی آیات میں تدبر کریں اور صاحبان عقل اس سے نصیحت حاصل کریں۔

تفسیر آیات

۱۔ مُبٰرَکٌ: خیر و سعادت کی افزونی کو کہتے ہیں۔ قرآن کے مبارک ہونے کے بارے میں کوئی کیا بیان کر سکتا ہے جس کی روشنی روئے زمین کے چار سو پھیلی ہوئی ہے۔ جس نے انسان کو بلوغت تک پہنچایا، تمدن و تہذیب دی، دستور حیات فراہم کیا اور انسان کو انسانی قدروں سے روشناس کرایا۔

۲۔ لِّیَدَّبَّرُوۡۤا اٰیٰتِہٖ: تاکہ لوگ اس کتاب میں موجود تکوین و تشریع کے رموز میں تدبر کریں، اسے اپنے لیے دستور حیات بنا لیں اور دنیا و آخرت کی سعادت حاصل کریں۔

۳۔ وَ لِیَتَذَکَّرَ اُولُوا الۡاَلۡبَابِ: عقل و خرد رکھنے والے اپنی ابدی سعادت کے لیے اس کتاب میں موجود نصیحتوں سے استفادہ کریں اور اس کتاب کی ہر حیات آفرین دعوت پر لبیک کہیں۔۔ مثلاً:

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اسۡتَجِیۡبُوۡا لِلّٰہِ وَ لِلرَّسُوۡلِ اِذَا دَعَاکُمۡ لِمَا یُحۡیِیۡکُمۡ۔۔۔۔ (۸ انفال: ۲۴)

اے ایمان والو! اللہ اور رسول کو لبیک کہو جب وہ تمہیں حیات آفرین باتوں کی طرف بلائیں۔


آیت 29